اسرائیل کے غزہ سے مکمل انخلاء اور مستقل جنگبندی کے بغیر کوئی معاہدہ متصور نہیں، حماس
1 Nov 2024 18:54
اپنے ایک تازہ بیان میں حماس کے ایک رہنما نے ایک بار پھر تاکید کہ ہے کہ غاصب صیہونی رژیم کیساتھ کسی بھی ممکنہ معاہدے کیلئے اسرائیل کے غزہ سے مکمل انخلاء، مستقل جنگبندی، غزہ کے محاصرے کا مکمل خاتمہ اور بے گھر ہو جانیوالے فلسطینیوں کی واپسی ضروری ہے
اسلام ٹائمز۔ فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے ایک رہنما نے عرب چینل الجزیرہ کو بتایا ہے کہ مصر و قطر نے چند دنوں کے لئے جنگبندی کے بارے تجویز پیش کی ہے جس کی بنیاد پر غزہ کی پٹی میں امداد بھیجنے کے عمل میں اضافے اور قیدیوں کے جزوی تبادلے کا وعدہ دیا گیا ہے۔
الجزیرہ نے نام ظاہر کئے بغیر حماس کے رہنما سے مزید نقل کیا کہ ان تجاویز میں مستقل جنگبندی، غزہ کی پٹی سے اسرائیلی فوجیوں کے انخلاء اور فلسطینی پناہ گزینوں کی واپسی کا ذکر تک نہیں۔ حماس کے رہنما نے زور دیتے ہوئے کہا کہ ان منصوبوں میں ہماری قوم کی حفاظت، امداد، تعمیر نو اور بارڈر کراسنگز، خاص طور پر "رفح" کراسنگ کو دوبارہ کھولنے کی اشد ضرورت کا ذکر تک نہیں! حماس کے رہنما نے کہا کہ درحقیقت نیتن یاہو مذاکرات کے بہانے وقت کے عنصر کو صیہونی رژیم کی اندرونی انتخابی مہم اور امریکی صدارتی انتخابات میں اپنے اہداف کے تحت استعمال کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
خبر کا کوڈ: 1170152