QR CodeQR Code

دور جاہلیت کی قبائلیت، غزہ و لبنان کے المیے میں بھی نمایاں ہے، علامہ جواد نقوی

پاکستان میں مذہبی و سیاسی قبائلیت، صہیونیت کی آلہ کار بنی ہوئی ہے، خطاب

1 Nov 2024 16:21

ٹی بی یو ایم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ عورتوں اور بچوں کی فریادیں پہنچ رہی ہیں، لیکن مسلمان کوئی ردعمل نہیں دیتے، جس کی وجہ یہ ہے کہ آج کی ماڈرن قبائلیت میں ان کے سردار اجازت نہیں دیتے۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ پاکستان جیسے ملک میں، جہاں دین کے حوالے سے جذبات رکھنے والے لوگ موجود ہیں، سب خاموشی کی چادر اوڑھے ہوئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک بیدارئ امت مصطفیٰ کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی کا خطاب میں کہنا تھا غزہ و لبنان کے المیے میں دور جاہلیت کی قبائلیت کا اثر واضح طور پر محسوس ہوتا ہے۔ تمام مسلمانوں تک لاشوں پر کھڑے ہو کر اقدام کا مطالبہ کرتی عورتوں اور بچوں کی فریادیں پہنچ رہی ہیں، لیکن مسلمان کوئی ردعمل نہیں دیتے، جس کی وجہ یہ ہے کہ آج کی ماڈرن قبائلیت میں ان کے سردار اجازت نہیں دیتے۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ پاکستان جیسے ملک میں، جہاں دین کے حوالے سے جذبات رکھنے والے لوگ موجود ہیں، سب خاموشی کی چادر اوڑھے ہوئے ہیں چونکہ موجودہ ماڈرن قبائلیت کے سرداروں، مفتی، مولوی، ذاکروں اور خطیبوں نے، جو بآسانی فرقہ واریت کے نام پر بلوے کرواتے ہیں، تکفیریت کی ریلیاں اور "سر تن سے جدا" کے نعرے لگاتے ہیں، اس مسئلے پر اوپر سے کچھ طے کر رکھا ہے۔ قتل عام ہو رہا ہے اور موجودہ قبائلیت صرف خاموشی سے تماشا دیکھ رہی ہے۔

علامہ جواد نقوی نے مزید کہا کہ عرب قبائلیت اور اس کے سردار، حماس و حزب اللہ کے امریکہ و اسرائیل سے بھی بڑے دشمن ہیں، یہی انسانی المیے میں امریکہ و اسرائیل کے سرمایہ کار ہیں کیونکہ ان کے منصوبے، مفادات اور سلامتی خطے میں مزاحمتی تحریکوں کے خاتمے اور اسرائیل کی حمایت سے وابستہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں مذہبی و سیاسی قبائلیت صہیونیت کی آلہ کار بنی ہوئی ہے جو 13 مہینوں میں ہر چیز پر ہنگامہ برپا کر سکتی ہے، لیکن اس موضوع پر بولنے سے گریز کرتی ہے۔ ایک فرقہ پرست قبائلیت غزہ سے لاتعلق رہنے کا باقاعدہ سبق پڑھاتی ہے کیونکہ اگر غزہ بچ جاتا ہے تو اس کا کریڈٹ کسی دوسرے فرقے کو مل جاتا ہے۔

علامہ سید جواد نقوی نے استفسار کیا کہ علماء نے حکمرانوں کی طرح آئی ایم ایف سے قرض نہیں لینا، تو وہ کس کے مقروض ہیں؟ انہیں خاموش رہنے پر کس نے مجبور کیا؟ ظالمین کیوں اتنے مطمئن ہیں کہ وہ ایک ایک کر کے عزت دار اقوام پر جو بھی ظلم کریں، کوئی بھی نہیں بولے گا؟ یہ اطمینان انہیں کس نے دیا ہے کہ وہ جتنا بھی ظلم کریں، دنیا خاموش رہے گی اور مسلمان کچھ نہیں کہیں گے؟  حقیقت میں یہ خاذلین اور خاموش لشکر اسرائیل کا سب سے بڑا سہارا، اور  خونریزی میں صہیونیوں کی حوصلہ افزائی کا سب سے مفید ذریعہ ہے۔


خبر کا کوڈ: 1170121

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1170121/دور-جاہلیت-کی-قبائلیت-غزہ-لبنان-کے-المیے-میں-بھی-نمایاں-ہے-علامہ-جواد-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com