QR CodeQR Code

امامیہ آرگنائزیشن کراچی کے تحت شہدائے القدس و مقاومت کانفرنس

ہمیں تحریک آزادی فلسطین کیلئے نظریاتی گفتگو کیساتھ عملی اقدامات بھی کرنا چاہیئے، آغا نقی ہاشمی

1 Nov 2024 10:49

شہدائے القدس و مقاومت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سینئر تجزیہ کار نے کہا کہ اسرائیل کی تباہی کیلئے پورے فلسطین کے بجائے فقط غزہ کی حماس ہی کافی ہے، جبکہ اسرائیل اپنی سلامتی و بقاء کیلئے امریکا یورپ سمیت پوری دنیا سے مدد کی بھیک مانگ رہا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سینئر تجزیہ کار و ریسرچ اسکالر آغا علی نقی ہاشمی کا کہنا ہے کہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ تحریک آزادی فلسطین کیلئے نظریاتی گفتگو کے ساتھ ساتھ عملی اقدامات بھی کریں، ہمیں حمایت کے بعد مظلوم فلسطینیوں کی مدد کیلئے آگے بڑھ کر اگلے مرحلوں میں داخل ہونا چاہیے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے امامیہ آرگنائزیشن کراچی ریجن کے زیر اہتمام مسجد و امام بارگاہ مدینۃ العلم گلشن اقبال میں منعقدہ شہدائے القدس و مقاومت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سینئر تجزیہ کار آغا علی نقی ہاشمی نے کہا کہ سید حسن نصراللہ کی شہادت کے باوجود تمام تر دھمکیوں کے باوجود رہبر معظم امام خامنہ ای نے تہران میں لاکھوں نمازیوں کی موجودگی میں نماز جمعہ پڑھا کر مسلمین و مستضعفین جہان کو بلند حوصلہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام سمیت تمام ادیان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ دشمن اتنا کھل کر سامنے آیا کہ اس کی پہلے تاریخ نہیں ملتی، آج سے پہلے یہودیوں نے ہمیشہ کسی نہ کسی مذہب، دین، سیاسی نعروں و پلیٹ فارم یا دنیاوی سسٹم یا پھر منافق مسلمانوں کے پیچھے اپنے آپ کو چھپا کر رکھا۔

آغا نقی ہاشمی نے کہا کہ سات اکتوبر کو غزہ کے چند نوجوانوں نے ثابت کر دیا کہ اللہ، ملائکہ، آسمانی کتابوں، انبیاء کے ناصرف دشمن بلکہ انکے قاتل سے لڑنے کا قرآن کریم نے حکم دیا، حماس سمیت فلسطینیوں نے دشمن صہیونیت کی حقیقت کو دنیا کے سامنے کھل کر آشکار کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیلی بربریت اسکی موت سے پہلے پھڑپھڑاہت کی نشانی ہے، وہ اپنی بقا کی ناکام جنگ لڑ رہا ہے نہ کہ ایران اور اسکے حامی، اب مقاومت دفاعی کے بجائے حملہ کرنے کی پوزیشن میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی تباہی کیلئے پورے فلسطین کے بجائے فقط غزہ کی حماس ہی کافی ہے، جبکہ اسرائیل اپنی سلامتی و بقاء کیلئے امریکا یورپ سمیت پوری دنیا سے مدد کی بھیک مانگ رہا ہے۔ شہدائے القدس و مقاومت کانفرنس سے جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی رہنما ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، مولانا ڈاکٹر عقیل موسیٰ، سینئر تجزیہ کار سید راشد احد، ایم ڈبلیو ایم سندھ کے رہنما مولانا مختار احمد امامی نے بھی خطاب کیا، جبکہ معروف منقبت و نوحہ خواں احمد رضا ناصری اور سید جنید مظفر زیدی نے ترانہ شہادت پیش کئے۔


خبر کا کوڈ: 1170031

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1170031/ہمیں-تحریک-آزادی-فلسطین-کیلئے-نظریاتی-گفتگو-کیساتھ-عملی-اقدامات-بھی-کرنا-چاہیئے-ا-غا-نقی-ہاشمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com