QR CodeQR Code

لبنان سے شمالی فلسطین میں اسرائیلی فوج پر راکٹ حملے، 5 افراد ہلاک

31 Oct 2024 18:55

صیہونی میڈیا نے اعتراف کیا ہے کہ آج حزب اللہ کی جانب سے سرحد کے قریب واقع بستی المطلہ پر راکٹ داغے گئے۔


اسلام ٹائمز۔ لبنان کی مزاحمتی تنظیم حزب اللہ نے مقبوضہ فلسطین کے شمال میں اسرائیلی فوج پر راکٹ حملے کئے ہیں۔ ان حملوں میں 5 قابض فوجی ہلاک ہوگئے۔ صیہونی میڈیا نے اعتراف کیا ہے کہ آج حزب اللہ کی جانب سے سرحد کے قریب واقع بستی المطلہ پر راکٹ داغے گئے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق حملے میں ایک شخص زخمی بھی ہوا ہے۔ المطلہ کونسل کے سربراہ نے صیہونی میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ علاقہ گزشتہ ایک سال سے راکٹ حملے کی زد میں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شاید اسرائیلی ریاست کو اب اس کی عادت ہوچکی ہے۔ 

خیال رہے کہ لبنان میں اسرائیلی فوج کے بڑے جانی نقصان کے بعد اسرائیل حزب اللہ سے جنگ بندی پر تیار ہوگیا ہے۔ اسرائیلی سرکاری میڈیا کی جانب سے جنگ بندی تجویز کا مسودہ نشر کردیا گیا ہے، مسودے میں اسرائیل اور لبنان سے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق 60 روزہ جنگ بندی کے دوران مکمل عمل درآمد کو حتمی شکل دی جائے گی۔ اسرائیل جنگ بندی کے 7 دن کے اندر لبنان سے اپنی افواج واپس بلالے گا، اسرائیلی افواج کے انخلا کے وقت لبنانی افواج کی تعیناتی شروع ہوجائے گی۔

واضح رہے کہ لبنان کی سرحد سے متصل صہیونی بستیوں میں سے ایک المطلہ کے ٹاؤن کونسلر نے اپریل 2024 میں کہا تھا کہ میں 6 ماہ پہلے سے المطلہ کونسل کی عمارت میں داخل نہیں ہوا اور فوجی گھروں میں رہتے ہیں۔ اسی طرح صیہونی قصبے سدیروت کے میئر نے بھی بتایا تھا کہ صیہونی حکومت 7 اکتوبر 2023 کو غزہ کی پٹی کے خلاف جنگ ہار گئی اور اسے کوئی فتح حاصل نہیں ہوئی۔ حال ہی میں صیہونی حکومت کے چینل 12 نے بھی بتایا ہے کہ غزہ کی پٹی کے خلاف 6 ماہ سے زائد کی جنگ کے بعد مقبوضہ علاقوں کے شمال کے ٪40 باشندے جو دوسرے علاقوں میں منتقل ہوئے ہیں، ان علاقوں میں واپس جانے کے بارے میں نہیں سوچتے جہاں حزب اللہ کے حملوں کا خدشہ ہے۔


خبر کا کوڈ: 1169923

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1169923/لبنان-سے-شمالی-فلسطین-میں-اسرائیلی-فوج-پر-راکٹ-حملے-5-افراد-ہلاک

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com