کشمیر کونسل ای یو کا برسلز میں بھارتی سفارتخانے کے سامنے احتجاجی مظاہرے کا اعلان
27 Oct 2024 08:18
علی رضا سید کا کہنا تھا کہ ہم احتجاج کر کے عالمی برادری سے کہنا چاہتے ہیں کہ وہ اپنی خاموشی توڑ کر کشمیر پر بھارتی قبضہ ختم کرائے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلانے میں ان کی مدد کرے۔
اسلام ٹائمز۔ کشمیر کونسل یورپ نے کہا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف آج یوم سیاہ کے موقع پر بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں بھارتی سفارت خانے کے سامنے پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق کشمیر کونسل ای یو کے چیئرمین علی رضا سید نے برسلز سے جاری ایک بیان میں کہا ہے کہ احتجاجی مظاہرے میں بڑی تعداد میں کشمیریوں، پاکستانیوں، ان کے ہمدردوں اور انسانی حقوق کی مختلف تنظیموں کے نمائندوں کی شرکت متوقع ہے۔مظاہرے کے انتظامات کے لیے کشمیر کونسل ای یو کے ساتھ دیگر کشمیری تنظیمیں بھی تعاون کر رہی ہیں۔ علی رضا سید نے کہا کہ گزشتہ ساڑھے سات دہائیوں سے زائد عرصے سے بھارت نے جموں و کشمیر کے بڑے علاقے پر قبضہ کر رکھا ہے لیکن انتہائی افسوس کی بات ہے کہ اقوام عالم بھارت کے اس غاصبانہ قبضے اور کشمیریوں کے خلاف جارحانہ و ظالمانہ رویے پر خاموش ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم احتجاج کر کے عالمی برادری سے کہنا چاہتا ہے کہ وہ اپنی خاموشی توڑ کر کشمیر پر بھارتی قبضہ ختم کرائے اور کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلانے میں ان کی مدد کرے۔ انہوں نے کہا ہم بھارتی حکومت کو بھی یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ کشمیری بھارت کا غیر قانونی قبضہ ہرگز تسلیم نہیں کرتے۔ کشمیری قوم اپنے مستقبل کا آزادانہ ماحول میں فیصلہ کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس سے کہنا پڑتا ہے کہ بھارت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کا دعویدار ہے لیکن وہ کشمیریوں کے حقوق دبا رہا ہے اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں بے گناہ لوگوں کو قتل کر رہا ہے۔ علی رضا سید نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں ظلم و ستم، تشدد اورخوف و ہراس روز کا معمول ہے۔ انہوں نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مظالم بند کرے، علاقے سے بلا تاخیر اپنی فوجیں نکالے اور کشمیریوں کو ایک آزاد ماحول فراہم کرے۔ انہوں نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ کشمیریوں پر بھارتی مظالم بند کروائے اور مسئلہ کشمیر کا پرامن حل تلاش کرے جو کشمیریوں کا دیرینہ مطالبہ ہے۔
خبر کا کوڈ: 1168972