QR CodeQR Code

شہدائے فلسطین و لبنان نے بہادری سے وقت کے فرعونوں کا سامنا کیا، علامہ مقصود ڈومکی

22 Oct 2024 20:57

شہدائے سانحہ چھلگری کی برسی پر گنج شہداء امام بارگاہ چھلگری میں مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ شہدائے راہ حق نے دین خدا کی خاطر اپنی قیمتی جان کا نذرانہ پیش کیا۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ پاکستانی قوم کو اس وقت مصیبت میں گھرے اپنے فلسطینی اور لبنانی بھائیوں کی مدد کرنی چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہدائے سانحہ چھلگری کی نویں برسی کی مناسبت سے گنج شہداء امام بارگاہ چھلگری میں منعقدہ سالانہ مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مجلس عزا سے ایم ڈبلیو ایم پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی، صوبائی صدر علامہ سید ظفر عباس شمسی، شیعہ علماء کونسل کے صوبائی نائب صدر علامہ مشتاق حسین عمرانی، مجلس علماء مکتب اہل بیت کے ضلعی رہنماء علامہ حاجی سیف علی ڈومکی، مولانا عبدالستار سومرو اور مولانا برکت علی چھلگری نے خطاب کیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ شہدائے راہ حق نے دین خدا کی خاطر اپنی قیمتی جان کا نذرانہ پیش کیا۔ آج فلسطین اور لبنان کے مجاہدین حسینی اور زینبی کردار ادا کرتے ہوئے وقت کے فرعون اور یزید سے برسر بیکار ہیں۔ شہید اسماعیل ہانیہ، شہید سید حسن نصر اللہ، شہید یحیی سنوار نے جس جرات اور بہادری کے ساتھ وقت کے ظالموں اور فرعونوں کا مقابلہ کیا، وہ لائق صد تحسین ہے۔ بدترین ظلم اور بربریت کے باوجود اسرائیل اپنے ناپاک عزائم میں ناکام ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سانحے کے روز اول سے لے کر اب تک چھلگری کے وارثان شہداء کے ساتھ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کو اس وقت مصیبت میں گھرے اپنے فلسطینی اور لبنانی بھائیوں کی مدد کرنی چاہئے۔ اس موقع پر مجلس عزاء سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید ظفر عباس شمسی نے کہا کہ فلسطین اور قبلہ اول کی تحریک آزادی کی حمایت کرنا ہر غیرت مسلمان پر فرض ہے۔ مجلس وحدت مسلمین مظلومین فلسطین اور لبنان کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔ اس موقع پر علامہ مقصود علی ڈومکی نے سانحے سے متاثرہ امام بارگاہ اور جامع مسجد کی ناقص سیکیورٹی کے سلسلے میں ایس ایس پی کچھی دوست محمد بگٹی سے گفتگو کرتے ہوئے مسجد و امام بارگاہ کو مکمل سیکیورٹی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔


خبر کا کوڈ: 1168044

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1168044/شہدائے-فلسطین-لبنان-نے-بہادری-سے-وقت-کے-فرعونوں-کا-سامنا-کیا-علامہ-مقصود-ڈومکی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com