QR CodeQR Code

وقف ترمیمی بل کو لیکر جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی کی میٹنگ میں شدید ہنگامہ

22 Oct 2024 21:15

میٹنگ کے دوران ہی دونوں لیڈران نے جارحانہ رخ اختیار کر لیا اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے اس نوک جھونک نے شدت اختیار کر لی۔


اسلام ٹائمز۔ وقف ترمیمی بل 2024 کے لئے تشکیل دی گئی جوائنٹ پارلیمانی کمیٹی (جے پی سی) کی میٹنگ میں ہنگامہ آرائی کا سلسلہ جاری ہے۔ آج ایک بار پھر جے پی سی میں شامل حکومتی اور اپوزیشن کے اراکین کے درمیان زبردست بحث ہوئی، جو اس بار شدت اختیار کر گئی۔ اس بحث کے دوران ترنمول کانگریس (ٹی ایم سی) کے رکن پارلیمنٹ کلیان بنرجی زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جے پی سی کی میٹنگ میں بی جے پی رکن پارلیمنٹ ابھجیت گنگوپادھیائے اور ٹی ایم سی رکن پارلیمنٹ کلیان بنرجی کے درمیان کسی بات پر تلخ بحث شروع ہوگئی۔ میٹنگ کے دوران ہی دونوں لیڈران نے جارحانہ رخ اختیار کر لیا اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے اس نوک جھونک نے شدت اختیار کر لی۔ دونوں لیڈران کے درمیان تصادم کی حالت پیدا ہوگئی جس سے کلیان بنرجی کی ٹیبل پر رکھی شیشے کی بوتل گر کر ٹوٹ گئی۔

اس واقعہ سے کلیان بنرجی کی انگلیاں زخمی ہوگئیں جس کی تصویر سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ اڈیشہ کی ایک تنظیم کے رکن وقف املاک سے متعلق اپنی رائے رکھ رہے تھے تبھی یہ ہنگامہ شروع ہوا۔ ذرائع کے حوالے سے جو خبریں سامنے آ رہی ہیں، اس میں کہا جا رہا ہے کہ ہنگامہ کے وقت جسٹس اِن رئیلٹی، کٹک، اڈیشہ اور پنچ سکھا پرچار کٹک، اڈیشہ بانی منڈلی کا پریزنٹیشن چل رہا تھا۔ کلیان بنرجی اس دوران اپنی بات رکھنا چاہتے تھے، حالانکہ ان سے پہلے ہی دو تین مرتبہ بات ہوچکی تھی۔ پھر بھی وہ پریزنٹیشن کے دوران اپنی کچھ بات رکھنا چاہ رہے تھے، جس پر بی جے پی رکن پارلیمنٹ ابھجیت گنگوپادھیائے نے اعتراض ظاہر کیا۔

دونوں ہی فریقین کی جانب سے دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ سامنے والے نے نازیبا زبان کا استعمال کیا۔ اسی درمیان کلیان بنرجی نے میز پر رکھی شیشے کی بوتل اٹھا کر ٹیبل پر دے ماری اور خود کو چوٹ پہنچا لی۔ بی جے پی اراکین کا الزام ہے کہ کلیان بنرجی نے ٹوٹی ہوئی بوتل چیئرمین کی طرف اچھال دی۔ حالانکہ اس تعلق سے کچھ بھی مصدقہ طور پر سامنے نہیں آیا ہے لیکن جو تصویریں سامنے آئی ہیں اس میں کلیان بنرجی کی کچھ انگلیوں پر پٹی بندھی ہوئی دکھائی دے رہی ہے۔ اس واقعہ کے بعد میٹنگ کچھ دیر کے لیے ملتوی کرنی پڑی۔


خبر کا کوڈ: 1168028

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1168028/وقف-ترمیمی-بل-کو-لیکر-جوائنٹ-پارلیمانی-کمیٹی-کی-میٹنگ-میں-شدید-ہنگامہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com