QR CodeQR Code

گاندربل کشمیر میں شہری ہلاکتیں قابل مذمت ہیں، حریت کانفرنس

22 Oct 2024 18:40

حریت کانفرنس کے سینئر ارکان بشمول پروفیسر عبدالغنی بٹ، بلال غنی لون، مولانا مسرور عباس انصاری نے بھی اس حملے پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مزاحمتی تنظیم کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین میرواعظ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے گگن گیر، گاندربل میں پیش آئے واقعے پر سخت رنجم و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں اس واقعے کو حد درجہ افسوسناک اور ہلاکتوں کو اشتعال انگیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہر انسان کی زندگی قیمتی ہے اور اس طرح جانیں گنوانا انتہائی تکلیف دہ ہے۔ میرواعظ کشمیر نے مزید کہا کہ تشدد اور غیر یقینی صورتحال کے نہ ختم ہونے والے سلسلے کا یہاں کے لوگ کئی دہائیوں سے سامنا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسلام ایسے غیر انسانی فعل کی سخت مذمت کرتا ہے۔ میرواعظ عمر فاروق نے اس حملے میں ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ اور اعزہ و اقارب کے ساتھ اپنی دلی تعزیت اور زخمیوں کی فوری شفایابی کے لئے بھی دعا کی۔

میرواعظ عمر فاروق نے مزید کہا کہ اللہ تعالیٰ غمزدہ خاندانوں کو اس مشکل وقت میں صبر جمیل عطا فرمائے۔ ادھر حریت کانفرنس کے سینئر ارکان بشمول پروفیسر عبدالغنی بٹ، بلال غنی لون، مولانا مسرور عباس انصاری نے بھی اس حملے پر سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ شام گاندربل ضلع کے گگن گیر علاقے میں نامعلوم مسلح افراد نے زیڈ موڑ ٹنل کی تعمیر پر مامور ایک کنسٹرکشن کمپنی کے مزدوروں پر گولیاں برسائیں جس میں چھ غیر مقامی مزدوروں کے علاوہ ایک مقامی ڈاکٹر بھی ہلاک ہوگیا، جبکہ کئی دیگر زخمی ہوگئے جو اس وقت صورہ اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ اس انسانیت سوز واقعے پر جموں و کشمیر کے سیاسی، سماجی اور مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں نے اپنا سخت ردعمل ظاہر کیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 1168025

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1168025/گاندربل-کشمیر-میں-شہری-ہلاکتیں-قابل-مذمت-ہیں-حریت-کانفرنس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com