QR CodeQR Code

سوئی گیس کے بلوں میں غیر قانونی اضافے سے روکنے کا عدالتی عبوری حکم برقرار

22 Oct 2024 17:20

وکیل نے دلائل دیئے کہ ہر صارف سے 460 روپے اضافی وصول کرنا سرار ناانصافی ہے، صرف کراچی سے 11 ارب روپے سے زائد وصول کئے جا رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ سندھ ہائیکورٹ نے سوئی گیس کے بلوں میں اضافہ اور میٹر چارجز وصولی کیخلاف درخواست پر ایس ایس جی سی کو صارفین کیخلاف غیر قانونی اقدام سے روکنے کا عبوری حکم برقرار رکھا۔ تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس محمد شفیع صدیقی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو سوئی گیس کے بلوں میں اضافہ اور میٹر چارجز وصولی کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ طارق منصور ایڈوکیٹ نے مؤقف دیا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی نے گیس کے بلز میں ردوبدل کر دیا ہے، گیس کمپنی نے مختلف سلیب بنا کر شہریوں کو تقسیم کرنے کی کوشش کی ہے، شہریوں کو پروٹیکٹیڈ اور نان پروٹیکٹیڈ کیٹگریز میں تقسیم کیا گیا ہے۔

وکیل نے دلائل دیئے کہ ایس ایس جی سی نے غیر قانونی طور پر 460 روپے میٹر رینٹ فکسڈ کر دیا ہے، جو بلز سردیوں کے چار مہینے آئیں گے، اسی تناسب سے سال کے دیگر مہینوں میں بھی وصول کرنے کا فارمولا بنایا گیا ہے، ہر صارف سے 460 روپے اضافی وصول کرنا سرار ناانصافی ہے، صرف کراچی سے 11 ارب روپے سے زائد وصول کئے جا رہے ہیں۔ عدالت نے ایس ایس جی سی کو صارفین کیخلاف غیر قانونی اقدام سے روکنے کا عبوری حکم برقرار رکھا۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ ترمیم کے بعد آئینی بینچ اس معاملے کو دیکھے گی۔ عدالت نے سماعت 3 ہفتوں کیلئے ملتوی کر دی۔


خبر کا کوڈ: 1168008

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1168008/سوئی-گیس-کے-بلوں-میں-غیر-قانونی-اضافے-سے-روکنے-کا-عدالتی-عبوری-حکم-برقرار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com