QR CodeQR Code

صدارتی انتخابات میں توجہ حاصل کرنیکی کوشش، کمیلا ہیرس نے فلسطینیوں کے قتل عام کو بے رحمانہ قرار دیدیا

22 Oct 2024 11:07

اپنے ایک انٹرویو میں نائب امریکی صدر کا کہنا تھا کہ میرے مطابق یحییٰ السنوار کی موت نے جنگبندی کے راستے میں حائل رکاوٹ کو دور کر دیا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ امریکہ میں صدارتی امیدوار "کمیلا ہیرس" نے غزہ میں فلسطینیوں کے قتل عام کو بے رحمانہ قرار دے دیا۔ میڈیا رپورٹس کا کہنا ہے کہ کمیلا ہیرس کی جانب سے یہ بیان امریکہ کے مسلمان و عرب ووٹرز کی توجہ حاصل کرنے کے لئے دیا گیا ہے۔ کمیلا ہیرس نے مذکورہ بالا خیالات کا اظہار ریاست جورجیا میں MCNBC چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہمیں ایمانداری کے ساتھ ماننا چاہئے کہ غزہ میں بے گناہ فلسطینیوں کا قتل عام نہایت سفاکانہ ہے۔ اسی دوران انہوں نے اپنے دوہرے معیارات کا اظہار کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ میں ہمیشہ اسرائیل کے دفاعی حق کی حمایت کروں گی۔ تاہم اس وقت ضروری ہے کہ یہ جنگ ختم ہو۔ انہوں نے غزہ میں جنگ بندی کے حصول کو مشکل قرار دیا لیکن اس امر کی بھی یقین دہانی کروائی کہ امریکہ سیز فائر کے لئے اپنی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

کمیلا ہیرس نے سیکرٹری خارجہ "انٹونی بلنکن" کے دورہ مغربی ایشیاء کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ جنگ بندی کےک حصول کے لئے سرگردان ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس جنگ کو ختم ہونا چاہئے اور قیدیوں کو رہا کیا جانا چاہئے۔ دوسری جانب امریکی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں اعلان کیا کہ سوموار کے روز انٹونی بلنکن مقبوضہ سرزمین اور دیگر علاقوں کا دورہ کریں گے تاہم ان کے دورے کی باقی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔ اُدھر کمیلا ہیرس نے دعویٰ کیا کہ فلسطین کی مقاومتی تحریک "حماس" کے سربراہ "یحییٰ السنوار" کی شہادت سے جنگ بندی کے معاہدے کے حصول میں موجود رکاوٹ دور ہو گئی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ میرے مطابق یحییٰ السنوار کی موت نے جنگ بندی کے راستے میں حائل رکاوٹ کو دور کر دیا ہے۔ حالانکہ قابل غور بات یہ ہے کہ دنیا میں سیاسی و عسکری ماہرین برملا اس بات کا اظہار کر چکے ہیں کہ غزہ میں سیز فائر میں سب سے بڑی رکاوٹ خود "نتین یاہو" ہے۔


خبر کا کوڈ: 1167919

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1167919/صدارتی-انتخابات-میں-توجہ-حاصل-کرنیکی-کوشش-کمیلا-ہیرس-نے-فلسطینیوں-کے-قتل-عام-کو-بے-رحمانہ-قرار-دیدیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com