QR CodeQR Code

پانی کے نرخوں میں اضافہ عوام دشمن فیصلہ ہے، شرافت علی خلجی

22 Oct 2024 10:00

پی ایم ایل این آزاد کشمیر کے رہنما کا کہنا تھا کہ پانی کی عمومی قلت کے علاوہ شہر کے بعض علاقوں میں پانی تو کئی مہینوں سے نہیں آ رہا ہے لیکن بل ہر ماہ باقاعدگی سے آتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ نواز کے بانی رہنما شرافت علی خلجی نے حکومت آزاد کشمیر کی جانب سے پانی کے نرخوں میں اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے عوام دشمن فیصلہ قرار دیا ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ یہ اضافہ فی الفور واپس لیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا مسلم لیگ نواز کی قیادت اس وقت حکومت کی اتحادی ہے لیکن یہ کون سی قوتیں ہیں جو آئے روز ایسے فیصلہ جات کر رہی ہیں جن کی وجہ سے غریب عوام مسائل اور مہنگائی کی دلدل میں دھنستے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت آزاد کشمیر شہریوں کو پانی فراہم نہیں کر سکتی وہ بل وصول کرنے اور نرخوں میں اضافے کے لیے بڑی مستعد دکھائی دیتی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر بھر میں بھی بہت سے ایسے علاقے ہیں کہ جہاں کے مکین پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں، پانی کی عمومی قلت کے علاوہ شہر کے بعض علاقوں میں پانی تو کئی مہینوں سے نہیں آ رہا ہے لیکن بل ہر ماہ باقاعدگی سے آتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ واٹر سپلائی اور ٹینکر مافیا کی ملی بھگت کے باعث عوام مہنگے داموں پانی خریدنے پر مجبور ہیں، لائنوں میں تو پانی نہیں آتا لیکن ٹینکر مافیا کو وافر مقدار میں پانی مل جاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے ہر علاقے اور بستی میں پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے اور پانی کے نرخوں میں اضافہ کر کے عوام پر مزید ظلم نہ کیا جائے۔


خبر کا کوڈ: 1167895

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1167895/پانی-کے-نرخوں-میں-اضافہ-عوام-دشمن-فیصلہ-ہے-شرافت-علی-خلجی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com