QR CodeQR Code

برسلز، پاکستانی سفارتخانے میں مقبوضہ کشمیر کی زمینی صورتحال کے حوالے سے تصویری نمائش

22 Oct 2024 08:22

پاکستان کے سفارتخانے کے مطابق یہ نمائش ایک ہفتے تک جاری رہے گی جس میں کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کے تصویری ثبوت دنیا کے سامنے رکھے جائیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ برسلز میں پاکستانی سفارتخانے کے ناظم الامور فراز زیدی نے سفارتخانے میں مقبوضہ کشمیر میں 27 اکتوبر کو منائے جانیوالے یوم سیاہ کے سلسلے میں ایک تصویری نمائش کا افتتاح کیا جس میں بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور کشمیریوں کی حالت زار کو اجاگر کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق برسلز میں پاکستان کے سفارتخانے کے مطابق یہ نمائش ایک ہفتے تک جاری رہے گی جس میں کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کے تصویری ثبوت دنیا کے سامنے رکھے جائیں گے۔ نمائش میں مقبوضہ کشمیر کے تلخ زمینی حقائق کو اجاگر کیا گیا جہاں ماورائے عدالت قتل، بلاجواز گرفتاریاں اور بنیادی آزادیوں کو دبانے کے واقعات مسلسل جاری ہیں۔ مقبوضہ علاقے میں انسانی حقوق کی پامالیوں کو دستاویزی شکل دی گئی ہے۔ اس مواد کو اقوام متحدہ، بین الاقوامی غیر سرکاری تنظیموں، انسانی حقوق کے رضاکاروں اور عالمی میڈیا کی رپورٹس پر مبنی بنایا گیا ہے، جس میں مقبوضہ وادی میں جاری بربریت کو اجاگر کیا گیا ہے۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فراز زیدی نے کشمیری عوام کے عزم کو خراج تحسین پیش کیا، جو کئی دہائیوں کے جبر و استبداد کے باوجود اپنے حق خودارادیت کے لیے جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے 27 اکتوبر کی اہمیت پر زور دیا جب بھارتی افواج نے غیر قانونی طور پر جموں و کشمیر پر قبضہ کیا۔ یہ تشدد اور جبر کے ایک نئے باب کو ظاہر کرتا ہے۔ فراز زیدی نے کہا کہ بھارت کے کشمیر پر قبضے نے بے شمار انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو جنم دیا ہے اور مقبوضہ وادی کے عوام بے پناہ مشکلات کا شکار ہیں لیکن ان ناانصافیوں کے باوجود ان کا حوصلہ کمزور نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو اس خون ریزی کو روکنے اور بے بس کشمیری عوام کی تکالیف کو ختم کرنے کیلئے بیدار ہونا ہو گا۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایسی نمائشیں عالمی برداری کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی سنگین صورتحال سے آگاہ کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ یہ نمائش دیکھنے والوں کو کشمیر کے عوام پر ہونے والے انسانی حقوق کے مظالم کی شدت کو سمجھنے کا موقع فراہم کرتی ہے اور اس طویل مدتی جبر کو اجاگر کرتی ہے جو انہوں نے برداشت کیا ہے۔

انہوں نے کشمیری عوام کے لیے پاکستان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک ہر پلیٹ فارم پر کشمیر کے مقدمے کی وکالت جاری رکھے گا۔ پاکستانی عوام اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ، بھارتی ظلم و جبر سے آزادی کی جائز جدوجہد کے ساتھ سیسہ پلائی دیوار کی طرح کھڑے ہیں۔ برسلز میں پاکستان کے سفارتخانے میں یہ نمائش ہر طبقہ فکر کے لوگوں کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بحرانی صورتحال کے بارے میں آگاہی فراہم کرتی ہے اور ان ناانصافیوں کے سدباب کے لیے عالمی سطح پر فوری کارروائی کی ضرورت پر غور کرنے کی دعوت دیتی ہے۔


خبر کا کوڈ: 1167878

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1167878/برسلز-پاکستانی-سفارتخانے-میں-مقبوضہ-کشمیر-کی-زمینی-صورتحال-کے-حوالے-سے-تصویری-نمائش

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com