QR CodeQR Code

26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری پر مدارس میں دعاؤں اور شکرانے کے نوافل ادا کرنے کی اپیل

21 Oct 2024 23:56

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام کے سربراہ نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم میں کلیدی کردار سینیٹر کامران مرتضیٰ کا ہے، میں آج کی تقریب کامران مرتضیٰ کے نام کرتا ہوں، آج کی تقریب کی خوش قسمتی ہے کہ مفتی تقی عثمانی بھی اس میں شریک ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ وفاق المدارس کے ناظم اعلیٰ نے 26 ویں آئینی ترمیم میں اسلامی شقوں کی منظوری پر مدارس میں شکرانے کے نوافل کی اپیل کردی۔ جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی جانب سے سینیٹر کامران مرتضیٰ کے اعزاز میں تقریب منعقد کی گئی، جس میں مفتی تقی عثمانی، مولانا حنیف جالندھری، مولانا عبدالغفور حیدری شریک ہوئے۔ مولانا فضل الرحمان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم میں کلیدی کردار سینیٹر کامران مرتضیٰ کا ہے، میں آج کی تقریب کامران مرتضیٰ کے نام کرتا ہوں، آج کی تقریب کی خوش قسمتی ہے کہ مفتی تقی عثمانی بھی اس میں شریک ہیں۔

مفتی تقی عثمانی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج میری حاضری اس لئے ہوئی کہ جب ترمیمات منظور ہوئیں، صدر مملکت نے دستخط کر دیئے۔ ان ترامیم میں مولانا فضل الرحمان صاحب کا کردار مسلسل نظر آرہا تھا۔ مفتی تقی عثمانی نے کہا کہ یہ ملک اور ملت کی بڑی عظیم خدمت ہوئی ہے۔ مولانا فضل الرحمان ساری ساری رات جاگ کر ہر فرد سے ان ترامیم کیلئے ملے، یہ سچی بات ہے، یہ ہم سب کیلئے بڑی نعمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے معلوم نہیں تھا کہ مولانا صاحب نے آج کوئی تقریب منعقد کی ہے، میں تو مبارکباد کیلئے آیا، اللہ تعالیٰ مولانا فضل الرحمان کا سایہ ہمیشہ ہمارے سر پر سلامت رکھے۔ وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ مولانا حنیف جالندھری نے کہا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری پر کل تمام دینی مدارس میں دعائوں کا اہتمام اور شکرانے کے نوافل ادا کیے جائیں، ہم مولانا فضل الرحمان کے مشکور ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1167841

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1167841/26-ویں-آئینی-ترمیم-کی-منظوری-پر-مدارس-میں-دعاو-ں-اور-شکرانے-کے-نوافل-ادا-کرنے-اپیل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com