QR CodeQR Code

آئینی ترامیم اگر لوگوں کو اٹھا کر کی جائیں تو یہ کیسی ترامیم ہیں؟ علامہ راجہ ناصر عباس

21 Oct 2024 14:10

26ویں آئینی ترامیم کے حوالے سے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے سربراہ ایم ڈبلیو ایم نے کہا کہ سب سے پہلے کسی بھی کام کی نیت اور ابتداء اہم ہوتی ہے، اپنے پارلیمانی ساتھیوں کی شخصیت کو مجروح کرنا کہاں کی شرافت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ سربراہ مجلس وحدت مسلمین پاکستان سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے 26ویں آئینی ترامیم کے حوالے سے سینیٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ سب سے پہلے کسی بھی کام کی نیت اور ابتداء اہم ہوتی ہے، آئینی ترامیم اگر لوگوں کو اٹھا کر کی جائیں تو یہ کیسی ترامیم ہیں؟ اپنے پارلیمانی ساتھیوں کی شخصیت کو مجروح کرنا کہاں کی شرافت ہے، آئین میں ترامیم کرنا پارلیمنٹ کا حق ہے لیکن بے ڈھنگے اور اوچھے ہتھکنڈوں سے یہ سب اقدامات اٹھانا انتہائی شرمناک ہیں، پہلی مرتبہ بل پاس کروانے کیلئے جس قدر عجلت اور تیزی دکھائی جا رہی تھی اس سے شکوک وشبہات بڑھ گئے۔ اگر کسی پر دباؤ ہے تو ہمیں اُس کا دفاع کرنا چاہیئے، عوام کی مشکلات کے لیے ترامیم نہیں کی جاتیں، کیوں اتنی جلدی ہے؟ اگر پی ٹی آئی ساتھ نہیں دے گی تو یہ ترامیم متنازع ہوجائے گی۔

علامہ راجہ ناصر عباس نے یہ بھی کہا کہ ہم آپس میں بیٹھ سکتے ہیں، ایک دوسرے کو سلام کرتے ہیں، اعتماد کرتے ہیں، ہم چیخ رہے ہیں لوگوں کو اٹھایا جارہا ہے، کوئی نہیں سنتا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کونسی ترمیم ہے جو ظلم سے کی جائے؟ ابھی ترامیم جو آئی ہیں اس پر اتفاق رائے ہوتا تو کسی کو اعتراض نہیں ہوتا، اختر مینگل یہاں آئے اور کہا میں اپنے بندوں کو ڈھونڈنے آیا ہوں۔ ایم ڈبلیو ایم سربراہ نے کہا کہ پاکستان کی خاطر ترمیم کریں، فرد واحد کے پیچھے نہ جائیں۔ مولانا فضل الرحمن کے شکرگزار ہیں جنہوں نے ابتدائی مسودے کے شدید خطرات سے بچا لیا، انہوں نے ایک سمجھدار سیاستدان ہونے کا ثبوت دیا، اگر بے نظیر بھٹو اس وقت موجود ہوتیں تو وہ آج آئین میں ہونے والی ان ترامیم کی ہرگز حمایت نہ کرتیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جن کے ذریعے عدالتی نظام کو محدود کیا جا رہا ہے، جس طرح کی تیزی اور دھونس دھمکی والی روش اپنائی گئی وہ تاریخ میں یاد رکھی جائے گی، پارلیمنٹیرینز کو اٹھایا گیا اور دھمکا کر ترامیم پاس کروانے کی غیر آئینی کوشش کی گئی، جس سے ملکی وحدت کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے، اس سے بہتر تھا کہ آئینی ترامیم کے لیے ڈیڑھ ماہ سے جاری غیر معمولی تحرک عوامی فلاح و بہبود کیلئے کیا جاتا، یہ سب تماشہ پاکستانی عوام بالخصوص جوان سوشل میڈیا کے توسط سے دیکھ رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1167732

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1167732/ا-ئینی-ترامیم-اگر-لوگوں-کو-اٹھا-کر-کی-جائیں-یہ-کیسی-ہیں-علامہ-راجہ-ناصر-عباس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com