QR CodeQR Code

سینیٹ کے بعد قومی اسمبلی نے بھی 26 ویں آئینی ترمیم منظور کرلی

21 Oct 2024 06:44

26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج تاریخی دن ہے، آئین میں چھبیسویں ترمیم کی گئی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ قومی یکجہتی اور اتفاق رائے کی شاندار مثال ایک بار پھر قائم ہوئی۔


اسلام ٹائمز۔ سینیٹ سے منظوری کے بعد قومی اسمبلی کے اجلاس میں 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری دے دی۔ حکومت قومی اسمبلی میں بھی دوتہائی اکثریت ثابت کرنے میں کامیاب ہوگئی۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے اعلان کیا کہ 225 اراکین نے ترمیم کے حق میں ووٹ دیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے بتایا کہ آئینی ترمیم کی مخالفت میں 12 ووٹ دیئے گئے۔ ایوان نے دو تہائی اکثریت سے 26 ویں آئینی ترمیم منظور کرلی۔ تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی سے واک آؤٹ کرگئے۔ 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کے بعد قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ آج تاریخی دن ہے، آئین میں چھبیسویں ترمیم کی گئی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ قومی یکجہتی اور اتفاق رائے کی شاندار مثال ایک بار پھر قائم ہوئی۔ آج ایک نیا سورج نکلے گا، جس سے پورے ملک میں روشنی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ محلاتی سازشوں کے ذریعے حکومتوں کو گھر بھیجا جاتا تھا، وزرائے اعظم کی چھٹی کرا دی جاتی تھی، آج طے ہوگیا کہ پارلیمنٹ سپریم ہے۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ 2006ء میں بینظیر بھٹو اور نواز شریف کے درمیان جو معاہدہ ہوا، آج وہ قابل عمل ہوگیا، نواز شریف کے ساتھ بے نظیر بھٹو شہید کو بھی خراج تحسین پیش کرنا چاہتا ہوں۔

قومی اسمبلی میں جے یو آئی ف سمیت حکومتی اتحاد کے اراکین کی تعداد 219 تھی، قومی اسمبلی میں 6 آزاد ارکان نے بھی آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دیئے۔ ووٹ دینے والوں میں چودھری الیاس، عثمان علی، مبارک زیب، ظہور قریشی، اورنگزیب کھچی بھی شامل ہیں۔ جے یو آئی کے 8 اراکین نے ترمیم کے حق میں ووٹ دیا۔ چھبیسویں آئینی ترمیم، شق وار منظوری کے بعد ڈویژن کے ذریعے ووٹنگ ہوئی، قومی اسمبلی میں 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کیلئے حکومت کو 224 ووٹ درکار تھے، تاہم ترمیم پر شق وار منظوری کے دوران 225 ارکان نے ترمیم کے حق میں ووٹ کیا۔ چھبیسویں آئینی ترمیم کی منظوری کے لیے شق وار منظوری کے بعد ڈویژن کے ذریعے ووٹنگ ہوئی۔ نواز شریف نے ڈویژن کے ذریعے ووٹنگ کے عمل میں سب سے پہلے ووٹ دیا۔ اجلاس کے دوران ابتدائی دو شقوں کی شق وار منظوری کے دوران اپوزیشن کے 12 ارکان نے مخالفت میں ووٹ دیا، بعد میں اپوزیشن ارکان بائیکاٹ کرکے ایوان سے باہر چلے گئے۔


خبر کا کوڈ: 1167663

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1167663/سینیٹ-کے-بعد-قومی-اسمبلی-نے-بھی-26-ویں-آئینی-ترمیم-منظور-کرلی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com