QR CodeQR Code

اختر مینگل کی آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے والے دونوں سینیٹرز کو استعفیٰ دینے کی ہدایت

20 Oct 2024 23:35

خیال رہے کہ بی این پی مینگل کی سینیٹر نسیمہ احسان اور سینیٹر قاسم رونجھو نے سینیٹ میں حکومتی آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دیا تھا، جسکے باعث ترمیم 65 ارکان کی مدد سے دو تہائی اکثریت کے ساتھ منظور کرلی گئی تھی۔


اسلام ٹائمز۔ بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کے سربراہ اختر مینگل نے ایوان بالا میں 26 ویں آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دینے والے پارٹی کے دونوں سینیٹرز کو فوری طور ایوان سے مستعفی ہونے کی ہدایت کردی۔ سربراہ بی این پی مینگل اختر مینگل نے بلوچستان نیشنل پارٹی کی سینیٹر نسیمہ احسان اور سینیٹر قاسم رونجھو کو ہدایت کی کہ فوری طور پر سینیٹ سے استعفیٰ دیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کل تک استعفیٰ نہیں دیا گیا تو آپ دونوں کو پارٹی سے برطرف کر دیا جائے گا۔ خیال رہے کہ بی این پی مینگل کی سینیٹر نسیمہ احسان اور سینیٹر قاسم رونجھو نے سینیٹ میں حکومتی آئینی ترمیم کے حق میں ووٹ دیا تھا، جس کے باعث ترمیم 65 ارکان کی مدد سے دو تہائی اکثریت کے ساتھ منظور کرلی گئی تھی۔

سینیٹر نسیمہ احسان منہ پر ماسک پہنے ایوان میں پہنچی تھیں جبکہ قاسم رانجھو کو ویل چیئر پر ایوان میں لایا گیا تھا، دونوں ارکان کو حکومتی بینچز پر بھی بٹھانے کی کوشش کی گئی تھی، تاہم وہ اٹھ کر اپوزیشن کی نشستوں پر واپس آگئے۔ اس سے قبل اختر مینگل نے بیان میں کہا تھا کہ ترمیم کے حق میں ووٹ دینے کے لیے ہماری سینیٹرز پر دباؤ ڈالا گیا اور خاتون سینیٹر کے شوہر کو اغوا کیا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 1167594

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1167594/اختر-مینگل-کی-آئینی-ترمیم-کے-حق-میں-ووٹ-دینے-والے-دونوں-سینیٹرز-کو-استعفی-ہدایت

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com