QR CodeQR Code

عظمت شہداء کانفرنس میں شہداء کو خراج عقیدت پیش کیا جائیگا، علامہ مقصود ڈومکی

20 Oct 2024 16:44

شکار پور میں تنظیمی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مقصود ڈومکی نے کہا کہ فلسطین اور لبنان کے مجاہدین نے وقت کے فرعون اور یزید کیخلاف جو قیام کیا ہے، وہ لائق صد تحسین ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی رہنماء علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ عظمت شہداء کانفرنس کے موقع پر سید مقاومت شہید حسن نصر اللہ، شہید یحی سنوار، شہدائے فلسطین، شہدائے لبنان اور شہدائے جیکب آباد کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ حماس اور حزب اللہ کے جوانوں نے امریکہ، اسرائیل اور ان کے اتحادیوں کو نشان عبرت بنا دیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سانحہ شب عاشور جیکب آباد کے شہداء کی نویں برسی کے حوالے سے لکھی غلام شاہ، عبدو کاہی اور شکارپور کے دورے کے موقع پر ضلعی آفس وحدت ہاؤس شکارپور میں عوام اور تنظیمی ذمہ داران سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ عصر حاضر میں فلسطین اور لبنان کے مجاہدین نے وقت کے فرعون اور یزید کے خلاف جو قیام کیا ہے، وہ لائق صد تحسین ہے۔ اللہ پر توکل شوق شہادت اور جذبہ ایمانی سے سرشار یہ نہتے مجاہدین وقت کے فرعونوں سے نبرد آزما ہیں۔

انہوں نے کہا ہک نام نہاد سپر پاور امریکہ، اسرائیل اور شیاطین عالم ہیں، جو اپنے پورے لاؤ لشکر کے ساتھ اہل حق پر حملہ آور ہیں۔ عرب اور مسلمان حکمرانوں کی مسلسل خیانتوں کے باوجود حماس اور حزب اللہ کے جوانوں نے امریکہ، اسرائیل اور ان کے اتحادیوں کو نشان عبرت بنا دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عظمت شہداء کانفرنس کے موقع پر سید مقاومت شہید حسن نصر اللہ، شہید یحی سنوار، شہدائے فلسطین، شہدائے لبنان اور شہدائے جیکب آباد کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ مجلس وحدت مسلمین شہداء کے مشن اور اہداف پر عمل پیرا جماعت ہے۔ ہم سرزمین پاکستان پر مظلوم فلسطینیوں کے حق میں بھرپور طریقے سے آواز بلند کریں گے۔ اجلاس میں مجلس وحدت مسلمین ضلع شکارپور کے ضلعی رہنماء کامران علی دل، عبدالعلی کوہارو، سینگار علی، جیئند فقیر، وارثان شہداء کمیٹی کے رہنماء قمر الدین شیخ و دیگر رہنماء بھی شریک ہوئے۔


خبر کا کوڈ: 1167530

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1167530/عظمت-شہداء-کانفرنس-میں-کو-خراج-عقیدت-پیش-کیا-جائیگا-علامہ-مقصود-ڈومکی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com