QR CodeQR Code

آئینی ترمیم کی حمایت نہ کرنے پر عادل بازئی کو ہراساں کیا جا رہا ہے، تحریک انصاف

19 Oct 2024 23:19

عادل بازئی کا دعویٰ ہے کہ انکے گھر اور پلازے کو گرانے کیلئے سرکاری مشنری کوئٹہ میں انکی رہائشگاہ پر پہنچ گئی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عادل خان بازئی کے گھر کے قریب سرکاری مشنری کی آمد پر تحریک انصاف نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کے ایم این اے کو آئینی ترمیم کا حصہ نہ بننے پر ہراساں کیا جا رہا ہے۔ کوئٹہ سے قومی اسمبلی کے رکن منتخب ہونے والے تحریک انصاف کے رہنماء عادل بازئی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ان کے گھر اور پلازے کو گرانے کے لئے مشنری کوئٹہ میں ان کی رہائش گاہ پر پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے تحریک انصاف کی قیادت اور عوام سے اپیل کی کہ اس مشکل گھڑی میں ان کا ساتھ دینے کے لئے ان کی رہائش گاہ پہنچ جائے۔ دوسری جانب تحریک انصاف کے مرکزی رہنماء عمر ایوب نے بھی اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس معاملے پر بات کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سات اراکین اسمبلی کو اغواء کیا گیا ہے، جبکہ کوئٹہ میں ہمارے رکن اسمبلی عادل بازئی کے گھر کو مسمار کرنے کے لئے مشنری پہنچائی گئی ہے۔ ہم سب پر کیسز پر کیسز لگائے گئے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے کارکنوں کا دعویٰ ہے کہ عادل بازئی نے آئینی ترمیم کا حصہ بننے سے انکار کر دیا، جس کی وجہ سے انہیں ہراساں کیا جا رہا ہے۔ حکومت کی جانب سے عادل بازئی کے خلاف کارروائی سے متعلق تاحال کوئی موقف سامنے نہیں آیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 1167419

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1167419/آئینی-ترمیم-کی-حمایت-نہ-کرنے-پر-عادل-بازئی-کو-ہراساں-کیا-جا-رہا-ہے-تحریک-انصاف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com