QR CodeQR Code

اللہ پر کامل یقین رکھکر غیر اسلامی عقائد و نظریات سے دور رہیں، میرواعظ عمر فاروق

19 Oct 2024 22:18

میرواعظ کشمیر نے کہا کہ افسوس آج ہماری اکثریت توہم پرستی کی شکار ہوتی جارہی ہے اور ایسے واقعات رونما ہو رہے ہیں، جنکا دور دور تک اسلام اور ایمان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔


اسلام ٹائمز۔ ڈاکٹر مولوی محمد عمر فاروق نے عقیدہ توحید کی اہمیت اور بنیادی ضرورت کو واضح کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلمان توہمات کا شکار ہو اور بدشگونی، بدفالی اور غیر اسلامی تعویذ گنڈے اور جادو ٹونے کے ہتھکنڈوں میں ملوث ہو، یہ انتہائی بدقسمتی اور عقیدے کی کمزوری بلکہ بد عقیدگی کی غماز ہے جس کا اسلامی تعلیمات سے کوئی جوڑ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئے دن ایسی اطلاعات مل رہی ہیں کہ قبرستانوں سے تعویذ، فلیدے اور سحر شدہ چیزیں برآمد ہو رہی ہیں، جانوروں اور پرندوں کو بھی بخشا نہیں جارہا ہے جو انتہائی افسوسناک ہے۔ مرکزی جامع مسجد سرینگر میں اپنے اصلاحی مواعظ حسنہ میں میرواعظ عمر فاروق نے مسلمانوں کو تلقین کی کہ وہ اللہ کی ذات پر مکمل ایمان اور تقدیر یقین کے ساتھ ساتھ غیر اسلامی عقائد اور افکار و نظریات سے دور رہنے کی ہر ممکن کوشش کریں اور اللہ کی ذات پر توکل اور بھروسہ رکھیں، جس کے حکم کے بغیر ایک پتہ بھی نہیں ہل سکتا۔

انہوں نے کہا کہ یہ بڑا المیہ ہے کہ کشمیر جو اہل اسلام اور اولیائے کرام کی سرزمین رہی ہے اور جنہوں نے بڑی محنت، مجاہدہ اور عرق ریزی کے ساتھ یہاں عقائد و اعمال کی تصحیح اور اصلاح کی ہے، افسوس آج ہماری اکثریت توہم پرستی کی شکار ہوتی جارہی ہے اور ایسے واقعات رونما ہو رہے ہیں، جن کا دور دور تک اسلام اور ایمان سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ اس دوران میرواعظ نے کشتواڑ کے ملوار وارون اور گریز کے آگ سے متاثرہ خاندانوں کی باز آبادکاری کے لئے ملت کشمیر سے بھرپور مدد کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ دارالخیر میرواعظ منزل نے ان متاثرہ لوگوں کی امداد کے لئے مہم کا آغاز کیا ہے اور کشتواڑ علاقے میں پہلے ہی سے ایک فلاحی ادارہ ”ابابیل“ متاثرہ لوگوں کی مدد کے لئے سرگرم عمل ہے اور دارالخیر میرواعظ منزل اپنا امدادی سامان بھی اسی ادارے کے سپرد کرے گا، تاکہ مستحق افراد میں اس کی منصفانہ تقسیم عمل میں آسکے اور اگر کوئی صاحب خیر فرد اس ضمن میں ذاتی طور مدد کرنے کا خواہاں ہے تو وہ متذکرہ ادارہ سے بھی رابطہ قائم کرسکتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 1167375

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1167375/اللہ-پر-کامل-یقین-رکھکر-غیر-اسلامی-عقائد-نظریات-سے-دور-رہیں-میرواعظ-عمر-فاروق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com