QR CodeQR Code

یحییٰ السنوار حماس کے بڑے نڈر مجاہد اور جنگجو رہنما تھے، ابوالخیرمحمد زبیر

19 Oct 2024 19:55

جے یو پی کے مرکزی صدر کا کہنا تھا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ مسلم حکمرانوں کی غیرت جاگے اور وہ اسرائیلی ظلم و بربریت کیخلاف صدائے حق بلند کریں، اس میں بھی کوئی شک نہیں کہ یحییٰ السنوار کی شہادت سے حماس کے مجاہدین کو نیا جوش اور ولولہ ملے گا اور وہ مزید قوت کیساتھ اسرائیل کیخلاف جدوجہد کو تیز تر کریں گے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء پاکستان و ملی یکجہتی کونسل کے صدر ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے اسرائیلی حملے میں حماس کے نئے پولیٹکل بیورو کے سربراہ یحییٰ السنوار کی شہادت پر تعزیت اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یحی السنوار حماس کے بڑے نڈر مجاہد اور جنگجو رہنما تھے، کہا جاتا ہے کہ وہ 7 اکتوبر 2023ء کو اسرائیل پر حملہ کے ماسٹر مائنڈ بھی تھے، انہوں نے طویل عرصہ اسرائیلی قید میں گزارا وہ ساری زندگی باطل قوتوں کیخلاف برسر پیکار رہے۔ اسرائیل کیخلاف ایک موثر اور جذبہ جہاد سے لبریز توانا آواز تھے۔ انہوں نے کہا کہ اسماعیل ہانیہ، حسن نصراللہ اور اب یحییٰ السنوار کی شہادت اسرائیلی بربریت اور ظلم کی انتہا ہے اور اسلامی ممالک کے سربراہان کی بے حسی کا نتیجہ ہے، مسلم حکمرانوں کی بے غیرتی اور بے حسی اسرائیل کو شہ دینے کا باعث بن رہی ہے، یہی وجہ سے اسرائیل کے ظالمانہ اقدامات بڑھتے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ مسلم حکمرانوں کی غیرت جاگے اور وہ اسرائیلی ظلم و بربریت کیخلاف صدائے حق بلند کریں، اس میں بھی کوئی شک نہیں کہ یحییٰ السنوار کی شہادت سے حماس کے مجاہدین کو نیا جوش اور ولولہ ملے گا اور وہ مزید قوت کیساتھ اسرائیل کیخلاف جدوجہد کو تیز تر کریں گے، کیونکہ شہادت تو مومن کی آرزو ہوتی ہے، ہمیں امید ہے کہ حماس کی نئی قیادت ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اسرائیل کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملانے کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑے گی، نئے جذبہ اور ولولہ کیساتھ مجاہدین کھڑے ہوں گے، ان کی شہادت اسرائیل کی تباہی کا باعث بنے گی۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل مسلمانوں کو صفحہ ہستی سے مٹانے کیلئے ہر توانا آواز کو دبانے کے منصوبہ پر عمل پیرا ہے، عالم اسلام کے مسلم حکمرانوں کو اسرائیلی جارحیت کا فوری نوٹس لینا چاہئے، اسرائیل کے مکروہ عزائم عالم اسلام کیلئے خطرے کی گھنٹی ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1167298

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1167298/یحیی-السنوار-حماس-کے-بڑے-نڈر-مجاہد-اور-جنگجو-رہنما-تھے-ابوالخیرمحمد-زبیر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com