QR CodeQR Code

حزب اللہ شیعہ سنی اتحاد کا ناقابلِ شکست قلعہ ہے، آغا سید عبد الحسین

18 Oct 2024 20:26

آغا سید عبد الحسین نے کہا کہ لبنان میں امام موسٰی صدر جیسے علماء نے سیاست اور دیانت کے امتزاج سے ایک نئی راہ ہموار کی، جسکے نتیجے میں وہ ولایت فقیہ سے الہام حاصل کرنے میں پیش پیش رہے۔


اسلام ٹائمز۔ وادی کشمیر کے ضلع سرینگر میں قائد مقاومت سید حسن نصراللہ کی یاد میں ایک مجلس عزاء منعقد کی گئی۔ مجلس کے خصوصی مہمان جموں و کشمیر کے معروف عالم دین آغا سید عبد الحسین تھے۔ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ سید حسن نصراللہ نے اپنی زندگی میں موت و حیات کے امتحانات میں کامیابی کے ساتھ شرکت کی اور اپنے ملک کو ناقابلِ تسخیر بنانے اور ہر شہری کی مذہبی و مسلکی شناخت کو برقرار رکھتے ہوئے استعماری طاقتوں کے خلاف اتحاد و یکجہتی قائم رکھنے کی عملی کوششوں سے دنیا کے سامنے ایک مثالی نمونہ پیش کیا۔ آغا سید عبد الحسین نے ایران میں ولایتِ فقیہ اور اسلامی حکومت کے قیام کے بعد لبنانی شیعوں کے اس سے الہام حاصل کرنے کی طرف اشارہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ لبنان ہمیشہ سے علمی مرکز رہا ہے، لیکن انقلاب اسلامی سے پہلے علماء عوامی بہبود کے لئے عملی اقدامات اٹھانے میں کامیاب نہیں ہو پاتے تھے

آغا سید عبد الحسین نے کہا کہ لبنان میں امام موسٰی صدر جیسے علماء نے سیاست اور دیانت کے امتزاج سے ایک نئی راہ ہموار کی، جس کے نتیجے میں وہ ولایت فقیہ سے الہام حاصل کرنے میں پیش پیش رہے۔ انہوں نے کہا کہ آج حزب اللہ لبنان نہ صرف شیعہ برادری کی سیاسی و سماجی قوت سمجھی جاتی ہے بلکہ یہ شیعہ سنی یکجہتی اور مسلمانوں اور غیر مسلموں، بالخصوص یہودیوں اور عیسائیوں کے درمیان حسن سلوک کا ناقابلِ شکست قلعہ بھی تسلیم کی جاتی ہے۔ آغا عبد الحسین نے کہا کہ ہمیں بھی لبنان کی طرح انقلاب اسلامی سے الہام لیتے ہوئے اپنے مسائل کے حل خود تلاش کرنے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ حزب اللہ لبنان اپنے پیروں پر کھڑا ہونے کی ایک زندہ مثال ہے، جو کہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔


خبر کا کوڈ: 1167206

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1167206/حزب-اللہ-شیعہ-سنی-اتحاد-کا-ناقابل-شکست-قلعہ-ہے-آغا-سید-عبد-الحسین

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com