QR CodeQR Code

سپریم کورٹ آف انڈیا نے شہریت قانون کی دفعہ 6A کو برقرار رکھا، مہاجرین کے حقوق محفوظ

19 Oct 2024 19:18

ریاست آسام میں خصوصی طور پر اطلاق سے ریاست کی آبادیاتی ساخت میں واضح تبدیلی آئی ہے اور اس سے آسام کے لوگ اپنی ہی ریاست میں اقلیت بن چکے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ سپریم کورٹ آف انڈیا نے ایک تاریخی فیصلے میں شہریت قانون 1955 کی دفعہ ’6A‘ کو آئینی قرار دیا ہے۔ یہ دفعہ آسام میں یکم جنوری 1966ء سے پہلے آنے والے مہاجرین کو ہندوستانی شہریت دینے کی اجازت دیتی ہے۔ پانچ رکنی بینچ جس کی سربراہی چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندرچوڑ کر رہے تھے، نے اکثریت کے ساتھ یہ فیصلہ دیا۔ بینچ کے چار ججز بشمول چیف جسٹس نے اس فیصلے کی حمایت کی جبکہ جسٹس جے بی پاردیوالا نے علیحدہ رائے پیش کی۔ یہ دفعہ 1985ء میں آسام معاہدے کے بعد قانون کا حصہ بنی تھی جو کہ اس وقت کی راجیو گاندھی حکومت اور آل آسام اسٹوڈنٹس یونین (اے اے ایس یو) کے درمیان طے پایا تھا۔ یہ معاہدہ 6 سالہ تحریک کے بعد ہوا تھا، جس میں آسام میں بنگلہ دیش سے آنے والے مہاجرین کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا تھا۔

سپریم کورٹ آف انڈیا کا یہ فیصلہ خصوصاً مہاجرین کو شہریت دینے اور آسام کے ’مقامی‘ باشندوں کے حقوق کے حوالے سے کئی اہم سوالات کا جواب دے گا۔ درخواست گزاروں میں آسام پبلک ورکس، آسام سنمیلیتا مہا سنگھا اور دیگر شامل ہیں، جنہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ آسام کے لئے الگ شہریت کی کٹ آف تاریخ طے کرنا غیر منصفانہ، غیر قانونی اور امتیازی ہے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ آسام کی آبادیاتی ساخت میں تبدیلی مقامی لوگوں کے ثقافتی حقوق، اقتصادی حالات اور سیاسی کنٹرول کو متاثر کرے گی، جو آئین کے دفعہ 29 کے تحت محفوظ ہیں۔ 2012ء میں دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا تھا کہ دفعہ 6A کی آسام میں خصوصی طور پر اطلاق سے ریاست کی آبادیاتی ساخت میں واضح تبدیلی آئی ہے اور اس سے آسام کے لوگ اپنی ہی ریاست میں اقلیت بن چکے ہیں۔

اس کا ریاست کی معاشی اور سیاسی صورتحال پر منفی اثر پڑا ہے اور یہ آسام کے لوگوں کی ثقافتی بقا اور ملازمت کے مواقع کو نقصان پہنچا رہی ہے۔ دوسری جانب مودی حکومت نے آئین کے دفعہ 11 کا حوالہ دیا ہے، جو پارلیمنٹ کو شہریت سے متعلق قوانین بنانے کا اختیار دیتا ہے۔ جبکہ دوسرے فریقین، بشمول این جی او ’سٹیزنز فار جسٹس اینڈ پیس‘ نے دلیل دی کہ اگر دفعہ 6A کو کالعدم قرار دیا گیا تو آسام میں کئی دہائیوں سے شہریت کے حقوق رکھنے والے لوگ ’بے وطن‘ ہو جائیں گے اور انہیں غیر ملکی تصور کیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 1167204

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1167204/سپریم-کورٹ-ا-ف-انڈیا-نے-شہریت-قانون-کی-دفعہ-6a-کو-برقرار-رکھا-مہاجرین-کے-حقوق-محفوظ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com