QR CodeQR Code

اتحادی پارٹی نے اپنے مرحوم قائد کے بالکل الٹ کشمیر کو فراموش کر دیا، خواجہ فاروق

18 Oct 2024 12:17

حکومت کی اتحادی پارٹی کے سربراہ نے بھارتی صحافی کو جاتی امراء میں انٹرویو دے کر بھارتی وزیراعظم کے دورہ پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا لیکن اپنے انٹرویو میں ایک لفظ بھی کشمیر میں ہونے والے ظلم و بربریت کے حوالے سے نہیں کہا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر کے پارلیمانی لیڈر و قائد حزب اختلاف خواجہ فاروق احمد نے بیس کیمپ کی تینوں جماعتوں پی ایم ایل این، پی پی اور انوار گروپ کے اراکین پر مشتمل اتحادی حکومت جو بیس کیمپ کی اپنے آپ کو حکومت کہلاتی ہے کی جانب سے بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کی اسلام آباد آمد پر اگر احتجاجی مظاہرہ نہیں کر سکتے تھے تو کم از کم بیس کیمپ کی اسمبلی کا اجلاس ہی بلا لیتے جہاں سے ایک مشترکہ قرارداد بھارت کے مقبوضۃ کشمیر میں جاریہ ظلم و بربریت، حالیہ ڈھونگ انتخابات کے خلاف منظور کروا کر بھارتی ہائی کمیشن سمیت شنگھائی کانفرنس کے شریک وفود کو ان کے سفارت خانوں کے ذریعے پہنچائی جا سکتی تھی۔ لیکن اس نام نہاد بیس کیمپ کی حکومت نے اس اہم ترین موقع پر بھی اسمبلی کا اجلاس بلانا گوارا نہیں کیا۔ خواجہ فاروق احمد نے کہا کہ تحریک انصاف کے پاس اتنی عددی اکثریت نہیں ہے کہ 14 اراکین کے دستخطوں سے ہی اسمبلی اجلاس کی ریکوزیشن کی جا سکتی۔ حکومت کی اتحادی پارٹی کے سربراہ نے بھارتی صحافی کو جاتی امراء میں انٹرویو دے کر بھارتی وزیراعظم کے دورہ پاکستان کی خواہش کا اظہار کیا لیکن اپنے انٹرویو میں ایک لفظ بھی کشمیر میں ہونے والے ظلم و بربریت کے حوالے سے نہیں کہا، دوسری اتحادی پارٹی نے اپنے مرحوم قائد کے بالکل الٹ کشمیر کو فراموش کر دیا ہے اس لیے ان کے نزدیک مسئلہ کشمیر اب تاریخ کے کاغذات میں چلا گیا ہے۔

بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر کے خلاف احتجاجی متفقہ قرارداد آزاد کشمیر اسمبلی سے جب بین الاقوامی میڈیا کے ذریعے جاتی تو  مقبوضہ کشمیر میں ہمارے بھائیوں، بہنوں، مائوں کا حوصلہ بلند ہوتا لیکن اس اہم ترین موقع پر اسمبلی کا اجلاس نہ بلائے جانے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے، آخر یہ اسمبلی کس مقصد کے لیے ہے، کوئی تحریک عوامی حقوق کے لیے چلے تو اجلاس نہیں ہوتا، ملازمین اپنی تنخواہوں اور مستقل کرنے کے حوالے سے دھرنے دیں تو اجلاس نہیں ہوتا، تو پھر کیوں کروڑوں روپے کا بجٹ اس اسمبلی پر خرچ ہوتا ہے، بند کریں یہ فراڈ، جو بھارتی وزیر خارجہ کو ناراض کرنے کی جرات نہ رکھتے ہوں اور اس کی خفگی کے ڈر سے اسمبلی کا اجلاس نہ بلائیں تو پھر اسمبلی کے قیام کا کوئی جواز نہیں رہتا۔


خبر کا کوڈ: 1167135

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1167135/اتحادی-پارٹی-نے-اپنے-مرحوم-قائد-کے-بالکل-الٹ-کشمیر-کو-فراموش-کر-دیا-خواجہ-فاروق

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com