QR CodeQR Code

27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے پروگراموں کو حتمی شکل دینے کیلئے حریت دفتر میں اجلاس

18 Oct 2024 11:50

اس دن بھارت نے تقسیم برصغیر کے فارمولے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اور کشمیریوں کی خواہشات کے برعکس جموں و کشمیر میں اپنی فوجیں اتار کر اس پر ناجائز قبضہ کر لیا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ کل جماعت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی کی قیادت میں 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے احتجاجی پروگراموں کو حتمی شکل دینے کے لیے حریت دفتر اسلام آباد میں ایک اجلاس منعقد ہوا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں 27 اکتوبر 1947ء کو انسانی تاریخ کا ایک سیاہ ترین دن قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ اس دن بھارت نے تقسیم برصغیر کے فارمولے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے اور کشمیریوں کی خواہشات کے برعکس جموں و کشمیر میں اپنی فوجیں اتار کر اس پر ناجائز قبضہ کر لیا تھا۔اجلاس میں کہا گیا کہ اس دن کو یوم سیاہ کے طور پر منایا جائیگا اور مظفرآباد، کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں احتجاجی مظاہرے کئے جائیں گے۔ اجلاس میں مذید کہا گیا کہ بھارت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے مختلف مذموم ہتھکنڈے استعمال کر رہا ہے۔ مودی کی بھارتی حکومت تمام کشمیری مسلمانوں کو ختم کر کے اور مقبوضہ علاقے کو ہندو اکثریتی خطہ میں تبدیل کرنے پر تلی ہوئی ہے۔ بھارت نے کشمیر میں اسرائیلی پالیسی پر عمل پیرا ہے اور مسلمانوں کی اکثریت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کے لیے غیر کشمیریوں کو مقبوضہ علاقے میں آباد کر رہا ہے۔

اجلاس میں عزم ظاہر کیا گیا کہ کشمیری عوام کی لازوال قربانیوں کی بدولت بھارت کو جلد مقبوضہ کشمیرسے انخلاء کرنا پڑے گا اور وہ دن دور نہیں جب کشمیریوں کی عظیم قربانیاں رنگ لائیں گی اور کشمیری بھارت کے ناجائز قبضے سے آزادی حاصل کریں گے۔ اجلاس میں حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے سیکریٹری جنرل ایڈوکیٹ پرویز احمد، محمود احمد ساغر، سید یوسف نسیم، سید فیض نقشبندی، فاروق رحمانی، محمد خطیب حسین، شمیم شال، شیخ عبدالمتین، اعجاز رحمانی، شیخ یعقوب، حاجی محمد سلطان، جاوید جہانگیر، امتیاز وانی، ذاہد اشرف، ذاہد صفی، راجہ خادم حسین، میاں مظفر، شیخ عبدالماجد، سید گلشن، عدیل مشتاق، محمد اشرف ڈار، منظور احمد ڈار، عبدالمجید لون، مشتاق احمد بٹ اور دیگر نے شرکت کی۔

واضح رہے کہ کشمیری اپنے مادر وطن پر بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف احتجاج کیلئے ہر سال 27 اکتوبر کو یوم سیاہ کے طور پر مناتے ہیں۔ یہ دن منانے کا مقصد عالمی برادری کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کے حوالے سے اپنے وعدوں کی یاد دہانی کرانا بھی ہے جن میں کشمیریوں کے استصواب رائے کے حق کی حمایت کی گئی ہے۔


خبر کا کوڈ: 1167127

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1167127/27-اکتوبر-کو-یوم-سیاہ-کے-پروگراموں-حتمی-شکل-دینے-کیلئے-حریت-دفتر-میں-اجلاس

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com