مقبوضہ کشمیر، عمر عبداللہ نے وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا
16 Oct 2024 12:46
ذرائع کے مطابق حلف برداری کی تقریب سری نگر کے ”کشمیر انٹرنیشنل کنونشن سینٹر“ میں منعقد ہوئی۔ مودی حکومت کے تعینات کردہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے عمر عبداللہ اور ان کے نامزد کردہ وزراء سے حلف لیا۔
اسلام ٹائمز۔ بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں عمر عبداللہ نے حال ہی میں ہونے والے نام نہاد انتخابات میں نیشنل کانفرنس کی کامیابی کے بعد آج وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ ذرائع کے مطابق حلف برداری کی تقریب سری نگر کے ”کشمیر انٹرنیشنل کنونشن سینٹر“ میں منعقد ہوئی۔ مودی حکومت کے تعینات کردہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے عمر عبداللہ اور ان کے نامزد کردہ وزراء سے حلف لیا۔ عمر عبداللّٰہ نے دوسری مرتبہ مقبوضہ کشمیر کے وزیرِاعلیٰ کا عہدہ سنبھالا ہے، اس سے قبل وہ 2009ء سے 2014ء تک کانگریس کے اتحاد سے وزیرِاعلیٰ رہ چکے ہیں۔ نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما سریندر چودھری نے نائب وزیراعلیٰ کی حیثیت سے حلف اٹھایا۔ حلف برداری کی تقریب میں کانگریس کے صدر ملکار جن کھرگے، کانگریس رہنما راہول گاندھی، پرینکا گاندھی اور نیشنل کانفرنس کے کئی سینئر رہنما موجود تھے۔ یاد رہے کہ مودی حکومت نے 2018ء میں مقبوضہ علاقے کی اسمبلی تحلیل کر کے علاقے میں صدارتی راج نافذ کر دیا تھا۔ بعد ازاں اگست2019ء میں بی جے پی حکومت نے مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت ختم کی۔
حالیہ نام نہاد اسمبلی انتخابات میں نیشنل کانفرنس اور کانگریس نے آپس میں اتحاد کیا تھا اور دنوں نے مقبوضہ علاقے کی اسمبلی کی کل 90 نشستوں میں سے 48 پر کامیابی حاصل کی۔ بی جے پی نے 29 جبکہ محبوبہ مفتی کی جماعت پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی (پی ڈی پی) نے 3 سیٹوں پر کامیابی حل کی ہے۔ عام آدمی پارٹی نے ایک نشست جبکہ باقی نشستوں پر آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے۔ یاد رہے کہ کشمیریوں کا بنیادی مطالبہ غیر قانونی بھارتی قبضے سے آزادی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کی فراہمی ہے۔ انہوں نے حالیہ اسمبلی انتخابات میں مقامی سیاسی جماعت نیشنل کانفرنس کو جتوا کر بی جے پی کے کشمیر مخالف اقدامات اور اس کی ناروا پالیسوں کے خلاف اپنے غم و غصے کا بھرپور اظہار کیا۔
خبر کا کوڈ: 1166773