اقوام عالم کو کشمیریوں پر ہندوستانی مظالم کا نوٹس لینا چاہیے، سردار عتیق
16 Oct 2024 09:22
ایک تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے مسلم کانفرنس کے رہنما کا کہنا تھا کہ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست 2019ء کے بعد سے لے کر اب تک بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کر رہا ہے۔
اسلام ٹائمز۔ آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صدر و سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ اقوام عالم کو مقبوضہ کشمیر کے کشمیریوں پر ہندوستانی مظالم کا نوٹس لینا چاہیے۔ ہندوستان مقبوضہ کشمیر میں 5 اگست 2019ء کے بعد سے لے کر اب تک بڑے پیمانے پر تبدیلیاں کر رہا ہے جس میں چالیس لاکھ سے زائد غیر ریاستی ہندوؤں کو جعلی ڈومیسائل جاری کیے گئے اور وہاں کی حلقہ بندیاں تبدیل کی گئی ہیں جس سے وہ مقبوضہ کشمیر میں ایک ہندو وزیراعلی لانے کی راہ ہموار کرنا چاہ رہا تھا جس سے کہ وہ مسئلہ کشمیر کو ختم اور مقبوضہ کشمیر کو ہڑپ کر سکے۔ لیکن اب بھارت جان لے کہ وہ کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو اپنے توپ و تفنگ سے ختم نہیں کر سکتا اور کشمیری عوام کی جدوجہد مقبوضہ کشمیر کی آزادی تک جاری و ساری رہے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیپٹن سردار اظہر محمود کے بیٹے عماد الدین کی شادی میں شرکت کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو حق خود ارادیت ملنا چاہیے۔ انھوں نے کہا کہ بھارتی ظلم و جبر کا شکار مظلوم کشمیری طویل عرصہ سے اپنے حق خودرادیت کے لیے عالمی برداری کی طرف دیکھ رہے ہیں، انتہا پسند مودی سرکار کے مقبوضہ کشمیر میں عوامی قوانین کے مغائر اقدامات پوری دنیا کے امن کے لیے خطرہ ہیں، پوری وادی جیل میں تبدیل ہو چکی ہے، دنیا بھارتی بربریت کا فوری نوٹس لے، آزادی سے جینا ہر انسان کا حق ہے لیکن کشمیریوں پر مظالم پر پوری دنیا خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہی ہے جو قابل مذمت ہے، آزادی کشمیریوں کا مقدر ہے جس کو کوئی نہیں روک سکتا۔
خبر کا کوڈ: 1166717