QR CodeQR Code

کراچی، تجاوزات کا خاتمہ کرکے عوامی مقامات کو اصل شکل میں لایا جائے، وزیراعلیٰ سندھ

15 Oct 2024 22:36

اجلاس سے خطاب میں مراد علی شاہ نے یہ ہدایت بھی کی کہ شہر میں نکاسیٔ آب اور بارش سے متاثرہ سڑکوں کی مرمت کا کام جلد کیا جائے، فٹ پاتھ، اسٹریٹ لائٹس یا گرین بیلٹس خراب ہو گئی ہیں، ان کی مرمت کریں۔


اسلام ٹائمز۔ وزیرِاعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ شہر سے تجاوزات کا خاتمہ کرکے عوامی مقامات کو اصل شکل میں لایا جائے۔ کراچی میں وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ دورانِ اجلاس مراد علی شاہ نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کے لیے 12 جولائی کو ہدایات دی تھیں، جس کے بعد کچھ تجاوزات ہٹائیں جو دوبارہ قائم ہو گئیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پولیس نگرانی کا نظام بہتر کرے، عوامی مقامات، گرین بیلٹس، سڑکوں، گلیوں اور فٹ پاتھ پر تجاوزات ناقابل برداشت ہیں، ان کا خاتمہ کر کے عوامی مقامات کو اصل شکل میں لایا جائے۔

وزیرِ اعلیٰ سندھ کا کہنا ہے کہ تجاوزات ہٹانے کے ساتھ فٹ پاتھ کی مرمت بھی فوری کی جائے، طارق روڈ، لیاقت آباد، ایم اے جناح روڈ اور دیگر شاہراہوں سے تجاوزات کے خاتمے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ صوبائی وزیر سعید غنی کی سربراہی میں کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، جو آج ہی سڑکوں کی شناخت کر کے وہاں سے تجاوزات ہٹانے کا کام شروع کرائے گی۔

اس حوالے سے مراد علی شاہ نے حکام کو ہدایت کی ہے کہ شہر میں غیر قانونی پارکنگ اور ٹریفک کے مسائل حل کرکے دیں، شہر میں قائم پارکنگ کی جگہ کو ہی صرف پارکنگ کے لیے استعمال کیا جائے، کسی صورت غیر قانونی پارکنگ برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے ہدایت کی ہے کہ ایڈیشنل آئی جی کراچی، ڈی آئی جی ٹریفک، ڈی سی اور ایس ایس پیز غیر قانونی پارکنگ ختم کرائیں، جہاں اسٹریٹ لائٹس چوری یا خراب ہو چکی ہیں، جس کا فوری سدباب کیا جائے، نگرانی کا نظام مؤثر کریں تاکہ تمام مسائل بر وقت حل ہو سکیں۔


خبر کا کوڈ: 1166675

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1166675/کراچی-تجاوزات-کا-خاتمہ-کرکے-عوامی-مقامات-کو-اصل-شکل-میں-لایا-جائے-وزیراعلی-سندھ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com