QR CodeQR Code

مذہب کے نام پر نفرتیں پھیلانے والوں کو ناکام بنانا ہوگا، سرفراز بگٹی

14 Oct 2024 11:03

کوئٹہ میں وحدت امت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سرفراز بگٹی نے کہا کہ لسانی اور مذہبی بنیادوں پر تشدد بھی دہشتگردی ہے۔ تقسیم اور مذہب کے نام پر نفرتیں پھیلانے والوں کو ناکام بنانا ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ قیام پاکستان کے بعد مختلف سازشوں کے ذریعے قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کی گئی اور قومی یکجہتی پر بارہا حملے کئے گئے۔ آج مسلم امہ تفریق کا شکار ہے۔ جس کے باعث فلسطین سمیت دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف ہونے والے مظالم پر یکجا آواز نہیں اٹھائی جا رہی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ شب کوئٹہ میں وحدت امت کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کہا کہ لسانی اور مذہبی بنیادوں پر تشدد بھی دہشت گردی ہے۔ تقسیم اور مذہب کے نام پر نفرتیں پھیلانے والوں کو ناکام بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ قوم پرستی اور مذہب کے نام پر ہونے والی دہشت گردی کو روکنا ہوگا۔ ہمیں تشدد کے خلاف یکجا ہونا ہے اور اسے روکنا ہے۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ صوبے کے مختلف علاقوں میں معصوم مزدوروں کو بے گناہ قتل کیا جاتا رہا۔ اسلامی تعلیمات کے مطابق ظلم کے خلاف ہر کسی نے آواز بلند کرنی ہے۔ غلط کو غلط کہنے کی جرات ہر کسی میں ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی کا ترقی کے غیر متوازن عمل سے تعلق نہیں پاکستان کے تمام صوبوں میں پسماندگی پائی جاتی ہے۔ ناہموار ترقیاتی عمل پرتشدد رویوں کا جواز نہیں ہے۔ ریاست کے سوا کسی کو یہ اجازت نہیں کہ وہ بندوق اٹھائے اور تشدد کا راستہ اختیار کرے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے وحدت امت کانفرنس کے انعقاد پر آرگنائزر کو مبارکباد دیتے ہوئے قومی و بین المذاہب ہم آہنگی کے لئے اسے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔


خبر کا کوڈ: 1166367

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1166367/مذہب-کے-نام-پر-نفرتیں-پھیلانے-والوں-کو-ناکام-بنانا-ہوگا-سرفراز-بگٹی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com