QR CodeQR Code

کوئٹہ، پیپلز پارٹی کے عبید گورگیج کو جیتوانے کیلئے جعلی فارم 45 تیار ہونیکا انکشاف

14 Oct 2024 10:54

الیکشن ٹریبونل کے مطابق پرائمری اسکول ترخہ پر اصلی فارم 45 کے تحت عبید گورگیج کے ووٹ 7 تھے۔ جعلی فارم 45 پر ان میں 793 ووٹوں کا اضافہ کرکے ان کو 800 کر دیا گیا۔ اسی طرح دیگر فارم 45 بھی جعلی تھے۔


اسلام ٹائمز۔ بلوچستان کی صوبائی اسمبلی کی نشست پی بی 44 کوئٹہ میں پیپلز پارٹی کے امیدوار کو جیتوانے کے لئے جعلی فارم 45 بنانے کا انکشاف ہوا ہے۔ 83 پولنگ اسٹیشنس میں سے 67 میں کامیاب امیدوار کے ووٹ 595 تھے، جبکہ باقی پولنگ اسٹیشنز کے فارم 45 کو تبدیل کرکے جعلی فارمز تیار کرکے پیش کئے گئے۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار عبید اللہ گورگیج کو حالیہ انتخابات میں پی بی 44 کوئٹہ سے کامیاب قرار دیا گیا تھا۔ تاہم بعد ازاں انکی کامیابی کو الیکشن ٹریبونل میں چیلنج کیا گیا۔ جس پر عدالت نے حلقے کے 16 پولنگ اسٹیشنز پر دوبارہ انتخابات کا حکم دے دیا۔
 
کیس کی تفصیلات سامنے آنے پر معلوم ہوا کہ متنازعہ 16 پولنگ اسٹیشنز سے عبید گورگیج کو جیتوانے کے لئے جعلی فارم 45 بنائے گئے۔ الیکشن ٹریبونل کے مطابق پرائمری اسکول ترخہ پر اصلی فارم 45 کے تحت عبید گورگیج کے ووٹ 7 تھے۔ جعلی فارم 45 پر ان میں 793 ووٹوں کا اضافہ کرکے ان کو 800 کر دیا گیا۔ درخواست دہندہ کے علاوہ دیگر امیدواروں کو جو اصلی فارم 45 دیا گیا اس پر پولنگ ایجنٹوں کے باقاعدہ دستخط تھے۔ حلقے کے ریٹرننگ آفیسر کی جانب سے پیش کردہ فارم 45 پر پولنگ ایجنٹوں کے دستخط بھی نہیں تھے۔

الیکشن ٹریبونل کے مطابق متنازعہ پولنگ اسٹیشنوں کے فارم 45 پر ایک ہی قلم کا استعمال کیا گیا۔ حلقے کے بقیہ 67 پولنگ اسٹیشنوں کے فارم 45 کے مشاہدے سے معلوم ہوا کہ ان پر مختلف قلم استعمال کئے گئے تھے۔ ٹریبونل نے عبید گورگیج کی کامیابی کے نوٹیفیکیشن کو کالعدم قرار دے کر 16 پولنگ اسٹیشنوں پر دوبارہ پولنگ کا حکم دیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 1166364

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1166364/کوئٹہ-پیپلز-پارٹی-کے-عبید-گورگیج-کو-جیتوانے-کیلئے-جعلی-فارم-45-تیار-ہونیکا-انکشاف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com