کوئٹہ، وحدت امت کانفرنس کا انعقاد، علامہ جواد نقوی و دیگر علماء شریک
13 Oct 2024 21:55
فلسطینی عوام کے حق میں منعقدہ وحدت امت کانفرنس میں تمام مکاتب فکر کے جید علمائے کرام، کمشنر کوئٹہ اور مختلف سیاسی و مذہبی شخصیات نے شرکت کی اور حسن نصراللہ، اسماعیل ھنیہ اور غزہ کے عوام کو خراج عقیدت پیش کی۔
اسلام ٹائمز۔ تحریک بیداری امت مصطفیٰ کی جانب سے بلوچستان کے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں وحدت امت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں جید علمائے کرام، کمشنر کوئٹہ اور مختلف سیاسی و مذہبی شخصیات نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق تحریک بیداری امت مصطفیٰ کی جانب سے کوئٹہ کے سرینا ہوٹل میں مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت میں وحدت امت کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں تحریک بیداری کے سربراہ علامہ سید جواد نقوی، مسجد قباء کراچی کے خطیب مولانا منظرالحق تھانوی، مرکزی امیر جماعت اہل حدیث سید ضیاء اللہ شاہ بخاری اور منہاج القرآن کے رہنماء غلام اصغر صدیقی نے خصوصی طور پر شرکت کیں، جبکہ جماعت اسلامی کے مولانا عبدالحق ہاشمی، قاری عطاء الرحمان، مجلس وحدت مسلمین کے علامہ ولایت حسین جعفری، مجلس علمائے مکتب اہلبیت کے علامہ ڈاکٹر محمد موسیٰ حسینی، جمعیت نظریاتی کے مولانا عبدالقادر لونی، ایران کے ڈپٹی قونصل جنرل سید مہدی شائقی، کمشنر کوئٹہ ڈویژن محمد حمزہ شفقات، اہل حدیث کے امام جمعہ مولانا عتیق الرحمان، مدرسہ علمیہ علی ابن ابی طالب کے مدیر علامہ محمد کاظم بہجتی، شیعہ علماء کونسل کے رہنماء علامہ دبیر حسین و دیگر بھی موجود تھے۔
اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے فلسطین کے مسلمانوں سے یکجہتی کا اظہار کیا اور مسلم ممالک کے حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ غزہ اور لبنان کے دفاع میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے حزب اللہ کے سربراہ شہید حسن نصراللہ اور حماس کے سربراہ شہید اسماعیل ھنیہ کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی قوم کے دفاع کے لئے شہداء نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔ مقررین نے کہا کہ فلسطین کے پڑوسی ممالک کو یہ توفیق حاصل نہیں ہوئی کہ اپنے مظلوم مسلمان بھائی کی مدد کرے، اور وہ جو اقدامات اٹھا رہے ہیں انہیں تمسخر کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ہمیں اس وقت سب سے پہلے اتحاد کی ضرورت ہے۔ جسکے نتیجے میں حکمران متحد ہونے پر مجبور ہوں۔ اسرائیل ہماری نا اتفاقی سے فائدہ اٹھا رہا ہے۔ انہوں نے تاریخی حقائق کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ رسول اکرم (ص) نے ہمیشہ طاغوت کا مقابلہ کیا۔ آج ہمیں بھی ان کے درس پر عمل کرتے ہوئے اسرائیل و دیگر طاغوتی قوتوں کا مقابلہ کرنا ہے۔ اقصیٰ کے معاملے پر تمام مسلمانوں کو متحد ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے ہمیشہ مسلم ممالک کو یرغمال بنانے کی کوشش کی۔ مختلف مسلمان ممالک پر مختلف بہانوں سے حملہ کیا۔ اسرائیل کو بھی امریکہ کی پشت پناہی حاصل ہے۔
خبر کا کوڈ: 1166272