ایس ای او اجلاس کے موقع پر پی ٹی آئی کا احتجاج ملکی مفاد میں نہیں، مصطفیٰ کمال
13 Oct 2024 12:45
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایم کیو ایم رہنما نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نہیں تو پاکستان نہیں، ہم بھی نعرے لگاتے تھے منزل نہیں رہنما چاہیئے، ہم بھی پاگلوں کی طرح لگے ہوئے تھے، رہنما کو چاٹنا ہے ہمیں اگر منزل نہیں ملے، ہمیں منزل چاہیئے بھائی۔
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے رہنما مصطفیٰ کمال نے واضح کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس ای او) اجلاس کے موقع پر 15 اکتوبر کا احتجاج ملکی مفاد میں نہیں۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ سیاست سے اختلاف نہیں، احتجاج سیاست کا حصہ ہے، ہماری سیاست اور شکایات ملک کے وقار اور سالمیت سے اوپر نہیں، ملک ہے تو ہماری سیاست ہے، جمہوریت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی ملک کی فوج کو ختم کردیا تو ان ممالک کے حالات ہم نے دیکھے ہیں، پاکستان کا معاشی مسئلہ کسی سے چھپا ہوا نہیں، فلسطینیوں اور کشمیریوں کے لیے پاکستان ہی آخری امید ہے۔
مصطفی کمال کا کہنا تھا کہ تمام ریاستی ادارے ملک کے استحکام کے لیے کوششیں کررہے ہیں، جس کے اثرات بھی سامنے آرہے ہیں، ڈالر اپنی جگہ رک گیا ہے، اسٹاک ایکسچینج میں بہتری آرہی ہے اور مہنگائی بھی سنگل ڈیجٹ پر آگئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسی مہینے اسلام آباد میں شنگھائی کانفرنس سمٹ ہورہا ہے جس میں کئی سربراہان مملکت اور ان کے وفود پاکستان آئیں گے، پاکستان اس دن دنیا کی نظروں میں ہوگا اور پاکستان پر لوگوں کا اعتماد مضبوط ہوگا۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ دوسرے ممالک سے وفود انویسٹمنٹ کے لیے آرہے ہیں،اس کا فائدہ پاکستان کا ہوگا لیکن ملک دشمن پاکستان میں استحکام نہیں چاہتے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ نعرہ آپ نے لگا دیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی نہیں تو پاکستان نہیں، ہم بھی نعرے لگاتے تھے منزل نہیں رہنما چاہیئے، ہم بھی پاگلوں کی طرح لگے ہوئے تھے۔ کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ رہنما کو چاٹنا ہے ہمیں اگر منزل نہیں ملے، ہمیں منزل چاہیئے بھائی، پی ٹی آئی پر اینٹی اسٹیٹ ہونے کا الزام لگتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 15 اکتوبر کو احتجاج کی کال سے اس الزام کو تقویت ملتی ہے، پی ٹی آئی نے 15 اکتوبر کو ڈی چوک پر احتجاج کا اعلان کیا ہے۔
خبر کا کوڈ: 1166203