QR CodeQR Code

بھارت میں ذات پات کا نظام اب بھی ایک سنگین مسئلہ ہے، رپورٹ

13 Oct 2024 11:12

رپورٹ میں افسوس کا اظہار کیا گیا کہ بھارت کا جمہوری ڈھانچہ نہ صرف ذات پات کے نظام کو ختم کرنے میں ناکام رہا ہے بلکہ اس نے بعض طریقوں سے اس ڈھانچے کو تقویت بخشی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ بھارت میں آج بھی بہت سے لوگوں کی روزمرہ کی زندگی ذات پات کی بنیاد پر ظلم و جبر اور سماجی تشدد کی زد میں ہے کیونکہ آزادی کے کئی دہائیوں بعد بھی ذات پات کا نظام ملک میں ایک سنگین مسئلہ بنا ہوا ہے۔ ذرائع کی طرف سے آج جاری کی گئی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ نچلی ذات کی خواتین کو جنسی و جسمانی تشدد اور ہراساں کیے جانے کے مسلسل خطرات کا سامنا ہے لیکن ذات پات سے متعلق جرائم میں ملوث افراد اکثر بھارت کے عدالتی نظام میں انصاف سے بچ جاتے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہندو ئوں میں ذات پات کا نظام سماجی درجہ بندی کی ایک قدیم ترین شکل ہے جو اب بھی موجود ہے اور نچلی ذات کے افراد سے ملک بھر میں انتہائی حقیر اور محنت طلب کام کروایا جاتا ہے۔ رپورٹ میں افسوس کا اظہار کیا گیا کہ بھارت کا جمہوری ڈھانچہ نہ صرف ذات پات کے نظام کو ختم کرنے میں ناکام رہا ہے بلکہ اس نے بعض طریقوں سے اس ڈھانچے کو تقویت بخشی ہے۔ اس درجہ بندی کے اندر دلتوں کو اب بھی ”اچھوت” کے طور پر دیکھا جاتا ہے جو نظامی اخراج کا سامنا کر رہے ہیں۔ رپورٹ میں افسوس کا اظہار کیا گیا کہ بھارتی معاشرہ دلتوں اور دیگر پسماندہ گروہوں کو قبول کرنے اور ان کو مربوط کرنے میں بڑی حد تک ناکام رہا ہے اور بہت سے دلتوں کو آج بھی مندروں تک رسائی یا اونچی ذات کے علاقوں میں مکانات کرائے پر لینے سے روک دیا جاتا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بھارت کا ذات پات کا نظام اس بات کی واضح مثال ہے کہ کس طرح ایک فرد کی پیدائش سے اس کی سماجی حیثیت کا تعین کیا جاتا ہے اور اس بنیاد پر اسے مسلسل مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ عالمی ادارے اکثر بھارت کے ذات پات کے نظام سے پیدا ہونے والے بے شمار مسائل کو نظرانداز کرتے ہیں۔ رپورٹ میں کہا گیا کہ بھارت میں ذات پات کی تفریق جدید دنیا میں مساوات کے تصورات کے لیے ایک اہم چیلنج ہے۔


خبر کا کوڈ: 1166173

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1166173/بھارت-میں-ذات-پات-کا-نظام-اب-بھی-ایک-سنگین-مسئلہ-ہے-رپورٹ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com