کشمیریوں کا بنیادی مطالبہ بھارتی قبضے سے آزادی ہے، مسرت عالم
13 Oct 2024 08:15
نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے پیغام میں حریت رہنما کا کہنا تھا کہ بھارت نے محض فوجی طاقت کے بل پر جموں و کشمیر پر قبضہ جما رکھا ہے اور کشمیری اس ناجائز بھارتی قبضے کے خلاف گزشتہ 77برس سے جدوجہد کر رہے ہیں۔
اسلام ٹائمز۔ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظربند چیئرمین مسرت عالم بٹ نے کہا ہے کہ کشمیریوں کا بنیادی مطالبہ غیر قانونی بھارتی قبضے سے آزادی اور اقوام متحدہ کی پاس کردہ قراردادوں کے مطابق حق خودارادیت کی فراہمی ہے اور وہ اپنے اس مطالبے سے کسی قیمت پر دستبردار نہیں ہوں گے۔ ذرائع کے مطابق مسرت عالم بٹ نے نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے پیغام میں کہا کہ بھارت نے محض فوجی طاقت کے بل پر جموں و کشمیر پر قبضہ جما رکھا ہے اور کشمیری اس ناجائز بھارتی قبضے کے خلاف گزشتہ 77برس سے جدوجہد کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکمران اپنے جابرانہ ہتھکنڈوں کے ذریعے کشمیریوں کی آواز دبانا چاہتے ہیں لیکن وہ اپنے مذموم منصوبوں میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔ مسرت عالم بٹ نے کہا کہ کشمیری عوام نے حالیہ اسمبلی انتخابات کے ذریعے مودی حکومت کی کشمیر دشمن پالیسوں کے خلاف اپنے غم و غصے کا بھرپور اظہار کیا اور واضح کر دیا کہ مقبوضہ علاقے میں بی جے پی کیلئے کوئی جگہ نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی درجہ اور دفعہ 370 کی بحالی جیسے معاملات کشمیریوں کے نزدیک ثانوی حیثیت رکھتے ہیں جبکہ انہوں نے لاکھوں جانوں کی قربانی صرف اور صرف غیر قانونی بھارتی تسلط سے آزادی کیلئے دی ہے۔
خبر کا کوڈ: 1166145