اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ بے گناہ مزدوروں کو قتل کرنے والے کسی رعایت کے مستحق نہیں۔ انہوں نے دکی میں کوئلے کی کان میں کان کنوں پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور 20 مزدوروں کے جاں بحق ہونے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیرِ داخلہ محسن نقوی نے جاں بحق مزدوروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار بھی کیا ہے اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔
انہوں نے کہا ہے کہ جاں بحق مزدوروں کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، تمام تر ہمدردیاں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ وفاقی وزیرِ داخلہ نے یہ بھی کہا ہے کہ دکھ کی گھڑی میں لواحقین کے ساتھ کھڑے ہیں، المناک واقعہ میں ملوث شرپسند عناصر قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکیں گے۔ واضح رہے کہ بلوچستان کے علاقے دکی میں مقامی کوئلہ کانوں پر مسلح افراد کے حملے میں 20 کان کن جاں بحق ہو گئے۔ پولیس کے مطابق راکٹ حملے میں 7 کان کن زخمی بھی ہوئے ہیں۔ کان کے مالک حاجی خیر اللّٰہ نے بتایا ہے کہ حملہ آوروں نے 10 کانوں کی مشینری بھی نذرِ آتش کر دی تھی۔