QR CodeQR Code

کشمیر میں حکومت بنانے کیلئے کانگریس سے بات چیت چل رہی ہے، عمر عبداللہ

11 Oct 2024 14:07

نیشنل کانفرنس کے صدر نے کہا کہ جموں و کشمیر اور لداخ کے عوام نے 5 اگست کے فیصلوں کو قبول نہیں کیا ہے اور مستقبل میں بھی نہیں کرینگے۔


اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا کہ جلد سے جلد حکومت بنانے کے لئے کانگریس کے ساتھ بات چیت جاری ہے۔ سرینگر میں مقننہ پارٹی کے اجلاس کے بعد صحافیوں سے بات کرتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے نائب صدر عمر عبداللہ نے کہا کہ وہ کانگریس کے ساتھ ان کی حمایت کے لئے بات چیت کر رہے ہیں اور جلد ہی وہ راج بھون جائیں گے تاکہ حکومت کا دعویٰ پیش کرنے کے لئے لیفٹنٹ گورنر سے ملاقات کریں۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ چار آزاد امیدواروں نے نیشنل کانفرنس کی حمایت کی ہے۔ نیشنل کانفرنس کی حمایت کرنے والے چار آزادوں کے ساتھ، اس کی تعداد 46 ہوگئی ہے، جب کہ کانگریس کے چھ ارکان ہیں۔

اس دوران جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے پارٹی کارکنوں کو تقسیمی عناصر سے ہوشیار رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں عوام کی فلاح و بہبود کے لئے کام کرنا ہے، عوام کے مسائل کو حل کرنا ہے، بے روزگاری کا تدارک کرنا ہے اور منشیات کے استعمال کے مسئلے کو حل کرنا ہے، ہمارے سامنے بہت سارے چیلنج ہیں اور ان چیلنجوں کا ہم اُسی صورت میں مقابلہ کرسکتے ہیں جب ہماری آپسی صفیں مضبوط ہوں گی۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ جموں و کشمیر اور لداخ کے عوام نے 5 اگست کے فیصلوں کو قبول نہیں کیا ہے اور مستقبل میں بھی نہیں کریں گے۔ اُن کا کہنا تھا کہ نئی حکومت کے لئے کام آسان نہیں ہوگا لیکن ہماری حد درجہ کوشش ہوگی کہ لوگوں کے بنیادی حقوق بحال کئے جائیں، دھونس و دباؤ کی پالیسی کو ختم کیا جائے گا۔ انہوں نے اُفسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جموں کے عوام نے پھر ایک بار مذہب کی بنیاد پر اپنی حق رائے دہی کا استعمال کیا حالانکہ گذشتہ 5 سال کے دوران جموں کو بہت زیادہ نقصان پہنچا ہے۔


خبر کا کوڈ: 1165788

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1165788/کشمیر-میں-حکومت-بنانے-کیلئے-کانگریس-سے-بات-چیت-چل-رہی-ہے-عمر-عبداللہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com