کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر رہنمائوں کی طرف سے ہندو پجاری کے گستاخانہ بیانات کی مذمت
11 Oct 2024 11:57
ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کشمیری عوام اورعلمائے کرام پر زور دیا کہ وہ نماز جمعہ کے بعد سڑکوں پر نکل کر ہندو پجاری کی گستاخی کی مذمت کیلئے احتجاج کریں۔
اسلام ٹائمز۔غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے ہندو پجاری یتی نرسنگھا نند کی طرف سے نبی کریم حضرت محمد ۖ کی شان اقدس میں گستاخانہ بیانات کی شدید مذمت کی ہے۔ ذرائع کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کشمیری عوام اورعلمائے کرام پر زور دیا کہ وہ نماز جمعہ کے بعد سڑکوں پر نکل کر ہندو پجاری کی گستاخی کی مذمت کیلئے احتجاج کریں۔ حریت رہنمائوں فریدہ بہن جی، زمرودہ حبیب، فیاض حسین جعفری، سید سبط شبیر قمی، غلام نبی وار،محمد عاقب، ایڈوکیٹ دیویندر سنگھ بہل، محمد حسیب وانی اور دیگر نے اپنے بیانات میں ہندو پجاری کے اشتعال انگیز بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اس سے نہ صرف بھارت بلکہ مقبوضہ کشمیر اور دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی سرپرستی میں ہندو انتہا پسندوں کی کارروائیوں کی وجہ سے بھارت میں کوئی بھی اقلیتی برادری خصوصا مسلمان محفوظ نہیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہندوتوالیڈرا اور کارکن مسلسل مسلمانوں، سکھوں اور عیسائیوں کے عقائد پر حملہ کرتے ہیں۔ ایڈوکیٹ دیویندر سنگھ بہل نے یتی نرسنگھا نند کی فوری گرفتاری اور اسے قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا۔
خبر کا کوڈ: 1165775