صرف 5 آئی پی پیز کا خاتمہ آٹے میں نمک کے برابر ہے، حافظ نعیم الرحمان
11 Oct 2024 11:39
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ عوام کو اس بچت سے فائدہ اگلے ماہ کے بلوں میں ہونا چاہیے، مہنگی بجلی کیخلاف ہماری تحریک جاری رہے گی، حکومت کو بھی اپنی آئی پی پیز کو ریلیف دینا چاہیے، ایسا نہ ہو پانچ آئی پی پیز کو ختم کرکے مزید پانچ کو کنٹریکٹ دے دیئے جائیں۔
اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان نے پانچ آئی پی پیز سے معاہدے ختم کرنے کو پہلی کامیابی قرار دے دیا۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کا کہنا ہے کہ وزیراعظم کی جانب سے پانچ آئی پی پیز سے معاہدے ختم کرنا قوم کی پہلی کامیابی ہے، قومی خزانے میں آنیوالی رقم فوراً بجلی کے بلوں کی کمی پرخرچ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مریم بی بی کہتی ہیں بھارت سے ماحولیاتی ڈپلومیسی ہونی چاہیے، بیرسٹر سیف کہتے ہیں جے شنکر پی ٹی آئی کے دھرنے سے خطاب کریں، بھائی یہ ان کو بھارت سے دوستی کیلئے پیٹ میں اتنا مروڑ کیوں ہے؟
حافظ نعیم الرحمان کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی لسانی بنیاد پر نہیں اسلامی نظریے پر بنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کیپسٹی پیمنٹ کا مطلب ہے جو بجلی نہیں بن رہی اس کے پیسے بھی دیں، آئی پی پیز کیساتھ جومعاہدہ ہوا اس کا فائدہ عوام کو ہونا چاہیے۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ عوام کو اس بچت سے فائدہ اگلے ماہ کے بلوں میں ہونا چاہیے، مہنگی بجلی کیخلاف ہماری تحریک جاری رہے گی، حکومت کو بھی اپنی آئی پی پیز کو ریلیف دینا چاہیے۔ حافظ نعیم نے مزید کہا کہ صرف پانچ آئی پی پیز کا خاتمہ آٹے میں نمک کے برابر ہے، ایسا نہ ہو پانچ آئی پی پیز کو ختم کرکے مزید پانچ کو کنٹریکٹ دے دیئے جائیں۔
خبر کا کوڈ: 1165771