آزاد کشمیر میں لیگی حکومت کے قیام سے تعمیر و ترقی کا نیا سفر شروع ہو گا، شاہ غلام قادر
11 Oct 2024 11:09
دورہ نیلم کے دوران مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے پی ایم ایل نواز کےصدر کا کہنا تھا کہ اس ریاست کو ہمارے آبائواجداد نے قربانیاں دیکر حاصل کیا ہے، مطالبات کی مکمل حمایت کرتے ہیں مگر پاکستان مخالف بیانیہ کو کسی طور پر پروان نہیں چڑھنے دینگے۔
اسلام ٹائمز۔ صدر پاکستان مسلم لیگ نواز آزاد جموں و کشمیر شاہ غلام قادر نے دورہ نیلم کے دوران جندرسری، کیل کناری کے مقام پر شمولیتی پروگرامات کے موقع پر منعقدہ تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ نواز حکومت بنائے گی جس کے ذریعے آزاد کشمیر میں تعمیر و ترقی کا نیا سفر شروع ہو گا، نیلم ویلی سمیت آزاد کشمیر میں ترقی کا نیا دور شروع ہونے والا ہے، آنے والا وقت آزاد جموں و کشمیر میں مسلم لیگ نواز کا ہے، آزاد کشمیر بھر میں کارکنان مسلم لیگ نواز کی آمد کی تیاریاں شروع کریں، کسی ایسی سرگرمیوں میں شرکت نہ کریں جو ریاست مخالف ہو یہ ریاست ہمیں کسی نے طشتری میں رکھ کر نہیں دی ہے اس ریاست کو ہمارے آبائواجداد نے قربانیاں دیکر حاصل کیا ہے، مطالبات کی مکمل حمایت کرتے ہیں مگر پاکستان مخالف بیانیہ کو کسی طور پر پروان نہیں چڑھنے دینگے۔ آج آزاد کشمیر میں ایسا گروہ پیدا ہو گیا ہے جو پاکستان کی اور افواج پاکستان کی مخالفت کرتا ہے۔ میں ایل او سی پر کھڑے ہو کر کہتا ہوں کہ وادی نیلم کے لوگ کل بھی پاکستانی تھے آج بھی پاکستانی ہیں، پاکستان سے ہمارا رشتہ کلمہ کی بنیاد پر ہے مفادات کی بنیاد پر نہیں۔ نیلم ویلی کے لوگ افواج پاکستان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے۔
ہمارے آبائواجداد نے اس علاقے کو آزاد کروانے کے لیے قربانیاں دی ہیں ہم ان کو رائیگاں نہیں ہونے دینگے۔ فلسطنین اور غزہ کے حالات کو دیکھ کر دل خون کے آنسوؤں روتا ہے جن پر وحشیانہ بمباری ہو رہی ہے جس کے نتیجے میں چھوٹے بچے، بزرگ، جوان، خواتین شہید ہو رہے ہیں اور املاک کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے، ان کی مدد کوئی بھی ملک نہیں کر رہا، ہمیں تو پاکستان اور پاک آرمی پر فخر ہے جو ہر مشکل وقت میں کشمیریوں کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے رہتے ہیں اور بھارت کو آنکھ میں آنکھ ڈال کر اس کا جواب دیتے ہیں۔
خبر کا کوڈ: 1165767