سٹاف ویلفیئر فنڈ کے قیام کا مقصد ملازمین کی فلاح و بہبود ہے
11 Oct 2024 10:45
سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے چیئرمین و ممبران سٹاف ویلفیئر کمیٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں بچیوں کی شادی پر میرج گرانٹ میں اضافہ خوش آئندہ اقدام ہے جس سے غریب ملازمین کی مشکلات میں کمی آئے گی۔
اسلام ٹائمز۔ سی ڈی اے مزدور یونین نے سٹاف ویلفیئر فنڈ سے ادارے میں کام کرنے والے ملازمین کی بچیوں کے لیے میرج گرانٹ میں ایک لاکھ روپے سے بڑھا کر دو لاکھ روپے اضافہ کروا دیا اور ساتھ ہی یہ فیصلہ کروایا کہ وہ ملازم جس کی دو یا دو سے زائد بیٹیاں ہیں ان کی دو بیٹیوں کو یہ میرج گرانٹ ملے گی، بیوہ کو ملنے والے سٹاف ویلفیئر فنڈ کو تیس ہزار روپے سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے اور سکیل نمبر01 سے سکیل نمبر05 تک کے وہ ملازمین جن کے بچوں نے سالانہ امتحانات میں 80فی صد سے زائد نمبرز حاصل کیے ہیں ان کو ملنے والی سکالر شپ کو 20,000روپے سے بڑھا کر40,000روپے کروا دیا گیا جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن سیکرٹری سٹاف ویلفیئر کمیٹی، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن نے جاری کر دیا ہے۔ سی ڈی اے ملازمین نے نوٹیفکیشن کے اجراء پر قائد مزدور یونین اور ان کی پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کے اس دور میں بچیوں کی شادی پر میرج گرانٹ میں اضافہ خوش آئندہ اقدام ہے جس سے غریب ملازمین کی مشکلات میں کمی آئے گی۔ اس موقع پر سی ڈی اے مزدور یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یٰسین نے چیئرمین و ممبران سٹاف ویلفیئر کمیٹی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سٹاف ویلفیئر فنڈ کا مقصد ہی ملازمین کی فلاح و بہبود ہے، الحمدللہ سی ڈی اے مزدور یونین نے ہی شادی گرانٹ، سٹاف ویلفیئر فنڈ اور سکالرشپ کا اجراء کروایا تھا اور اب ان میں 100فی صد دوبارہ اضافہ کروایا ہے جس سے یقینا ملازمین کی مشکلات میں کمی آئے گی اور وہ بہتر انداز میں زندگی گزار سکیں گے۔ سی ڈی اے مزدور یونین ہر لمحہ ملازمین کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے اور آئندہ بھی ان کے مسائل کے لیے اپنی خدمات جاری رکھے گی۔
خبر کا کوڈ: 1165766