پاکستان میں دہشت گرد نیٹ ورک بھارت، اسرائیل اور امریکہ کی سرپرستی کے بغیر نہیں چل سکتا، لیاقت بلوچ
10 Oct 2024 23:04
جماعت اسلامی کے نائب امیر نے کہا ہے کہ افغانستان کی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال ہو اور امریکہ کی مرضی شامل نہ ہو یہ ناقابل یقین اور حقائق سے آنکھیں چرانے کے مترادف ہے۔
اسلام ٹائمز۔ نائب امیر جماعت اسلامی، صدر مجلسِ قائمہ سیاسی قومی امور لیاقت بلوچ نے مایہ ناز ایٹمی سائنسدان، قومی ہیرو، محسنِ پاکستان ڈاکٹر عبدالقدیر خان کی تیسری برسی پر انہیں زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈاکٹر عبدالقدیر خان نے آٹھ سال کی قلیل مدت میں ایٹمی پلانٹ نصب کرکے دنیا کے نامور نوبل انعام یافتہ سائنس دانوں کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا، اور بالآخر 28 مئی 1998 کو کامیاب ایٹمی دھماکے کرکے پوری قوم کا سر فخر سے بلند اور پاکستان کو دشمن کے لیے ناقابلِ تسخیر بنادیا، اور نہ صرفِ پاکستان بلکہ عالمِ اسلام کی آنکھ کا تارا بن گئے۔ مغرب کی پرتعیش اور آرام دہ زندگی کو چھوڑ کر اپنی زندگی، علم اور صلاحیتیں پاکستان کے لیے وقف کردیئے۔ اپنی قوم اور وطن کے لیے ان کی یہ بے لوث قربانی اور محبت مغرب کو ایک آنکھ نہ بھائی، یہی وجہ ہے کہ جب پاکستان نے 1998 میں ایٹمی دھماکے کیے تو دنیا بھر کے اخبارات نے اس کو اسلامی بم کے نام سے شہ سرخیوں کی زینت بنایا۔ زندگی کے آخری مہ و سال نظربندی اور کڑی نگرانی میں گزارنے کے بعد بالآخر وہ 10 اکتوبر 2021 کو خالقِ حقیقی سے جاملے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے حالات پر صرف دونوں صوبوں کے عوام ہی نہیں پورا ملک تشویش میں مبتلا ہے۔ دہشت گردی کے مسلسل واقعات، فوجی اور سیکیورٹی اداروں کے افسروں، جوانوں اور عام لوگوں کی شہادتیں قومی سوگ ہے۔ چند دِن ٹھہراو کے بعد پھر دہشت گردی کا واقعہ پورے ملک کے لیے ہلچل اور بے چینی کا باعث بن جاتا ہے۔ پاکستان میں دہشت گردی نیٹ ورک بھارت، اسرائیل اور امریکہ کی سرپرستی کے بغیر نہیں چل سکتا۔ افغانستان کی سرزمین دہشت گردی کے لیے استعمال ہو اور امریکہ کی مرضی شامل نہ ہو یہ ناقابل یقین اور حقائق سے آنکھیں چرانے کے مترادف ہے۔
خبر کا کوڈ: 1165702