QR CodeQR Code

لبنان میں تعینات اقوام متحدہ کے امن دستے پر صیہونی حملہ اپنی حد سے تجاوز ہے، جوزپ بورل

10 Oct 2024 22:04

میڈیا کو دئیے گئے اپنے ایک بیان میں یونیفل کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ اسرائیلی فوج کا یہ حملہ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کیا گیا۔


اسلام ٹائمز۔ اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں تعینات اقوام متحدہ کے امن دستوں کو نشانہ بنایا۔ جس پر یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کے سربراہ جوزپ بورل نے سخت رد عمل دیا۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین سمجھتی ہے کہ یہ کارروائی حدود سے تجاوز ہے۔ واضح رہے کہ جنوبی لبنان اور مقبوضہ شمالی فلسطین کی سرحد کے ساتھ تعینات اس امن دستے کو "یونیفل" کے نام سے جانا جاتا ہے۔ یہاں یہ امر قابل غور ہے کہ یونیفل "راس الناقورۃ" کے علاقے میں متعدد بار اپنے کیمپ پر صیہونی فوج کے حملے کی شکایت کر چکا ہے۔ گزشتہ روز صیہونی ٹینک نے اس کیمپ پر حملہ کر کے اس دستے کے دو گارڈز کو زخمی کر دیا تھا۔

اس حوالے سے یونیفل کے ترجمان نے میڈیا کو بتایا کہ اس بات کا قوی امکان ہے کہ اسرائیلی فوج کا یہ حملہ سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کیا گیا۔ اس حملے کے بعد فرانس اور اٹلی نے اس دستے میں بھیجے جانے والے سپاہیوں کے ممالک کا اجلاس بلانے کا مطالبہ کیا۔ اٹلی کے وزیر دفاع نے اپنے رد عمل میں کہا کہ یہ حملہ حادثہ یا غلطی نہیں تھی۔ انہوں نے کہا کہ یہ حملہ ناقابل برداشت ہے۔ اس حرکت پر اٹلی نے اسرائیلی سفیر کو وزارت خارجہ طلب کیا۔ سپین کی وزارت خارجہ نے بھی اس حملے کی مذمت کی۔ دوسری جانب آئر لینڈ کے وزیر اعظم "ھیریس سیمون" نے صیہونی فوج کے اس قبیح فعل پر کہا کہ یہ شدید تشویشناک عمل ہے اور اسے برداشت نہیں کیا جا سکتا۔


خبر کا کوڈ: 1165686

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1165686/لبنان-میں-تعینات-اقوام-متحدہ-کے-امن-دستے-پر-صیہونی-حملہ-اپنی-حد-سے-تجاوز-ہے-جوزپ-بورل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com