کملا ہیرس کا یوکرین کی شرکت کے بغیر پیوٹن سے ملاقات سے انکار
9 Oct 2024 03:54
امریکی ٹی وی پر نشر ہونیوالے انٹرویو میں کملا نے کہا کہ اگر وہ نومبر میں مقررہ انتخابات جیت گئیں تو انکے اور پیوٹن کے درمیان یوکرین کے بغیر کوئی دو طرفہ ملاقات نہیں ہوگی۔ انکا مزید کہنا تھا کہ یوکرین کو اپنے مستقبل کے حوالے سے بات کرنے کا حق ہونا چاہیئے۔
اسلام ٹائمز۔ کملا ہیرس نے یوکرین کی شرکت کے بغیر پیوٹن سے ملاقات سے انکار کر دیا۔ امریکا کی نائب صدر کملا ہیرس نے باور کرایا ہے کہ صدر منتخب ہونے کی صورت میں وہ یوکرین کی جنگ پر بات کرنے کے لئے روسی صدر ولادی میر پیوٹن سے ایسی کوئی ملاقات نہیں کریں گی، جس میں کیف حکومت کا نمائندہ شریک نہ ہو۔ امریکی ٹی وی پر نشر ہونے والے انٹرویو میں کملا نے کہا کہ اگر وہ نومبر میں مقررہ انتخابات جیت گئیں تو ان کے اور پیوٹن کے درمیان یوکرین کے بغیر کوئی دو طرفہ ملاقات نہیں ہوگی۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ یوکرین کو اپنے مستقبل کے حوالے سے بات کرنے کا حق ہونا چاہیئے۔
کملا نے کہا کہ ٹرمپ کہتے ہیں کہ اگر میں صدارتی انتخابات جیت گیا تو میں پہلے روز ہی معاملہ (یوکرین کی جنگ) ختم کرا سکتا ہوں، کملا نے مزید کہا کہ کیا آپ اس کا مطلب جانتے ہیں؟ یہ ہار ماننا ہے۔ واضح رہے کہ ٹرمپ باقاعدگی سے یہ باور کراتے ہیں کہ اگر وہ اقتدار میں واپس آگئے تو عنقریب یہاں تک کہ جنوری میں اپنا منصب سنبھالنے سے پہلے ہی یوکرین میں جنگ ختم کرا دیں گے، تاہم ریپبلکن ارب پتی نے کبھی یہ نہیں واضح کیا کہ وہ یہ کس طرح کریں گے۔ ٹی وی انٹرویو میں کملا ہیرس نے کہا کہ ہم روس کی بلا جواز جارحیت کے خلاف یوکرین کے اپنے دفاع کے حق کی حمایت کرتے ہیں۔
خبر کا کوڈ: 1165322