اینٹی کرپشن کو سابق وزیراعلیٰ کے پی محمود خان کیخلاف کارروائی روکنے کا حکم
8 Oct 2024 13:35
ذرائع اینٹی کرپشن کے مطابق محمود خان نے 2015ء میں بطور وزیر کھیل رقم ذاتی اکاؤنٹ میں منتقل کی، جس پر ان کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔
اسلام ٹائمز۔ پشاور ہائیکورٹ نے اینٹی کرپشن کو سابق وزیراعلیٰ کے خلاف کارروائی کرنے سے روک دیا۔ تفصیلات کے مطابق جسٹس عتیق شاہ اور جسٹس صاحبزادہ اسد اللہ کے روبرو سابق وزیراعلیٰ محمود خان کی اینٹی کرپشن مقدمے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی، جس میں پشاور ہائی کورٹ نے اینٹی کرپشن کو محمود خان کے خلاف کارروائی سے روک دیا، عدالت نے اینٹی کرپشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب بھی طلب کرلیا۔ دورانِ سماعت درخواست گزار سابق وزیراعلیٰ محمود خان کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ اینٹی کرپشن نے نوٹس دیا ہے لیکن تفصیل نہیں بتارہے، کئی بار اینٹی کرپشن میں پیش ہوئے، اب گرفتاری کا خدشہ ہے۔
بعد ازاں عدالت نے اینٹی کرپشن کو کارروائی سے روکتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے۔ واضح رہے کہ سابق وزیراعلیٰ اور پی ٹی آئی پارلیمنٹرین کے سربراہ محمود خان پر اینٹی کرپشن میں مقدمہ درج کیا گیا ہے، جس میں سرکاری اکاؤنٹ سے رقم ذاتی اکاؤنٹ میں منتقل کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ ذرائع اینٹی کرپشن کے مطابق محمود خان نے 2015ء میں بطور وزیر کھیل رقم ذاتی اکاؤنٹ میں منتقل کی، جس پر ان کے خلاف کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ: 1165149