بلی چوہے کا کھیل پاکستان کو برباد کر دے گا، جاوید لطیف
8 Oct 2024 12:21
ماڈل ٹاون لاہور میں پریس کانفرنس میں مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ نواز شریف کو پاکستان کی فکر ہے، یہ لوگ ہر روز معاشی بربادی کو آگے بڑھا رہے ہیں، جب بھی ملک معاشی طورپر ٹیک آف کرتا ہے، تو کوئی نہ کوئی فسادی یا انقلاب آ جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کی سرپرستی کرتے کرتے اور گراتے گراتے کیا وہی تاریخ ملک میں خان کو لانے یا گرانے کی دہرائی جا رہی ہے؟
اسلام ٹائمز۔ مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما جاوید لطیف نے ماڈل ٹاؤن میں دبنگ پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کو غیبی طاقت دینے والوں سے سوال پوچھ لیا، کہتے ہیں آخر علی امین گنڈاپور افغانی دہشت گردوں کیساتھ احتجاج کرکے کیسے کے پی اسمبلی تک پہنچے، اگر علی امین گنڈاپور نو مئی کا مجرم و ملزم ہے، تو اسے کیوں لایا گیا؟ اسے تو فارم سینتالیس سے وزیراعلی کے پی بنایا گیا۔ جاوید لطیف نے کہا کہ اگر خان کی طرح علی امین گنڈاپور کو بچانے والے طاقتور ہیں، چھڑوانے کیلئے دباؤ ڈالا جا رہا ہے تو قوم کو بتا دیں، پی ٹی آئی کے ارادے کچھ اور رویہ اور ہے، عام جماعتوں کیلئے قانون کچھ اور ہے۔ الطاف حسین نے تو باتیں کی تھیں، اسے عبرت کا نشان بنا دیا گیا،اس کو لانچ کرنیوالوں سے پوچھنا ہے، وہ کہہ رہے ہوں گے کسی کی ہدایت پرلانچ کیا؟ جن کی ہدایت تھی وہ اپنے عمل سے ثابت کررہا ہے۔
جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ ٹی ٹی پی کے لوگوں کو غدار کہتے ہیں، اگر وہ ملک دشمن ہیں تو وہی فعل کرنیوالی کے پی حکومت، خان کی ہدایت پر وہ سب کر رہی ہے تو کیوں ہاتھ نہیں ڈالا جا سکتا؟ ان کا کہنا تھا کہ کے پی ہاؤس میں مسلح دہشتگرد افغانی دیکھے گئے، ایجنسیاں یا ادارے نہیں بول رہے، لیکن ہم خاموش نہیں رہیں گے۔ جاوید لطیف نے کہا کہ کیا آج سن رہے ہیں جو بلوائی تھے، جو کانسٹیبل اسلام آباد شہید کیا گیا، پاکستان کیساتھ اب کھلواڑ نہیں چل سکتا۔ پی ٹی آئی کا بندہ ہو تو ریمانڈ میں عدالت سے ڈسچارج ہو جاتا ہے، ہم چھ چھ سال سے انہی مقدمات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ہمیں تو تاریخ پر تاریخ مل رہی ہے۔
جاوید لطیف کا کہنا تھا کہ چوہے بلی کا کھیل پاکستان کو برباد کردے گا، لیکن نوازشریف کو پاکستان کی فکر ہے، یہ لوگ ہر روز معاشی بربادی کو آگے بڑھا رہے ہیں، جب بھی ملک معاشی طورپر ٹیک آف کرتا ہے، تو کوئی نہ کوئی فسادی یا انقلاب آ جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کی سرپرستی کرتے کرتے اور گراتے گراتے کیا وہی تاریخ ملک میں خان کو لانے یا گرانے کی دہرائی جا رہی ہے؟ الطاف حسین کا جرم کم ہے، اس کو بڑی سزا مل گئی، جس کے جرم زیادہ ہیں ان کو سزا نہیں دی گئی۔
خبر کا کوڈ: 1165132