خطے کو دہشتگردی کیخلاف شام کی قربانیوں کو سراہنا چاہئے، اسماعیل بقائی
5 Oct 2024 19:24
اپنے ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ تہران و دمشق کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات اور دوستی پہلے کی طرح مضبوط ہے۔ کیونکہ دونوں ممالک ایک عظیم و مشترکہ ہدف کیلئے سرگرم ہیں۔
اسلام ٹائمز۔ اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان "اسماعیل بقائی" نے کہا کہ تہران و دمشق کے درمیان اسٹریٹجک تعلقات اور دوستی پہلے کی طرح مضبوط ہے۔ کیونکہ دونوں ممالک ایک عظیم و مشترکہ ہدف کے لئے سرگرم ہیں۔ یہ ہدف علاقائی امن و سلامتی کا قیام اور صیہونی رژیم کے جرائم، جارحیت و قبضے کے خلاف مقاومت ہے۔ ایرانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ خطے کو دہشت گردی کے خلاف شام کی قربانیوں کو سراہنا چاہئے۔ اسماعیل بقائی نے اِن خیالات کا اظہار اس وقت کیا جب وہ ایرانی وزیر خارجہ "سید عباس عراقچی" کی سربراہی میں وفد کے ہمراہ اس وقت دمشق میں موجود ہیں۔ واضح رہے کہ آج دمشق پہنچنے کے بعد سید عباس عراقچی نے شام کے صدر "بشار الاسد" اور وزیر خارجہ "بسام صباغ" سے ملاقات کی۔ دوسری جانب سید عباس عراقچی نے بشار الاسد سے ملاقات میں انہیں رہبر معظم انقلاب اور ایرانی صدر کا گرمجوش پیغام پہنچایا۔
اس پیغام میں رہبر انقلاب اور ڈاکٹر مسعود پزشکیان نے اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے صیہونی رژیم کی جارحیت کے خلاف شام کی مکمل حمایت کا یقین دلایا۔ جس کے جواب میں بشار الاسد نے اپنی حمایت کرنے پر ایرانی حکومت و عوام کے کردار کو سراہا۔ نیز رہبر معظم اور ڈاکٹر مسعود پزشکیان کو سلام بھی بھیجا۔ شامی صدر نے مظلوم فلسطینیوں کے دفاع میں ایران کے مضبوط اور ذمے دارانہ موقف کی قدر دانی کی۔ انہوں نے اسرائیل کی مہم جوئیوں کے خاتمے کے لئے وسیع بین الاقوامی کوششوں پر زور دیا۔ واضح رہے کہ اس علاقائی دورے کے موقع پر ایرانی وفد میں ترجمان دفتر خارجہ "اسماعیل بقائی"، مغربی ایشیاء میں وزیر خارجہ کے نمائندہ خصوصی "محمد رضا رئوف شیبانی"، مغربی ایشیاء و شمالی افریقائی امور کے وزیر و ڈائریکٹر جنرل "مهدی شوشتری" اور پارلیمانی نمائندے "سید محسن نبویان" و "عباس گل رو" شامل ہیں۔
خبر کا کوڈ: 1164555