کراچی، ایرانی خانہ فرہنگ میں شہید سید حسن نصراللہ کی یاد میں مجلس ترحیم، شیعہ سنی علماء کی شرکت
5 Oct 2024 15:06
مقررین نے سید حسن نصراللہ شہید سمیت فلسطینی و لبنانی شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان شہیدوں کی شہادت سے اسرائیل کے خلاف مزاحمتی محاذ کو مزید تقویت ملی ہے۔
اسلام ٹائمز۔ خانہ فرہنگ اسلامی جمہوریہ ایران کراچی میں حزب اللہ لبنان کے سربراہ شہید سید حسن نصراللہ، حماس کے رہنما شہید اسماعیل ہانیہ، شہید قدس سردار قاسم سلیمانی اور فلسطین و لبنان کے دیگر مظلوم شہداء کی یاد میں ایک عظیم الشان مجلس ترحیم منعقد ہوئی۔ اس پروگرام میں کراچی میں ایرانی قونصل جنرل حسن نوریان، خانہ فرہنگ ایران کراچی کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سعید طالبی نیا، جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، حوزہ علمیہ امام خمینیؒ کے مسئول آیت اللہ غلام عباس رئیسی، شیعہ علماء کونسل کے مرکزی ڈپٹی سکریٹری جنرل علامہ سید ناظر عباس تقوی، معروف اہلسنت عالم مولانا اصغر درس، ہئیت آئمہ مساجد و علماء امامیہ پاکستان کے ڈپٹی سیکریٹری جنرل علامہ سید صادق رضا تقوی سمیت سنی و شیعہ ممتاز علماء اور سماجی و علمی شخصیات نے بھرپور شرکت کی۔
ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا کہ اگر اسرائیل سید حسن نصراللہ کو شہید کرکے یہ سمجھتا ہے کہ وہ صہیونیت کے خلاف مزاحمتی محاذ کو ختم کر دے گا، تو یہ اس کی بھول ہے، شہید کا خون کبھی رائیگان نہیں جاتا، بلکہ قوم کو نئی زندگی بخشتا ہے۔، ہمیں یقین ہے کہ ان شہادتوں سے ظالم اسرائیلی حکومت اپنی تباہی کے زیادہ نزدیک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہید سید حسن نصراللہ صرف لبنان یا صرف مسلمانوں کے ہیرو نہیں، بلکہ پوری انسانیت کے ہیرو ہیں، کیوںکہ انہوں نے سرزمین فلسطین میں بربریت کے شکار نہتے مظلوم انسانوں کی حمایت میں اپنی قیمتی جان کی قربانی پیش کی ہے۔
علامہ ناظر عباس تقوی نے کہا کہ القدس کے شہیدوں کے مشن کو آگے بڑھانے کیلئے اس وقت ہماری ذمہ داری یہ ہے کہ مسلمانوں کی صفوں میں اتحاد قائم کرنے کی کوشش کی جائے، کیونکہ جب دشمن کو اپنی ناکامی نظرآتی ہے تو وہ کوشش کرتا ہے کہ حریف کی صفوں میں تفرقہ پیدا کرے، یہ دشمن کا آخری حربہ ہوتا ہے، جس پر کئی بار تجربہ بھی کر چکا۔ انہوں نے مزید کہا کہ تقسیم کرو اور حکومت کرو (Divide and rule) دشمن کا اپنے اہداف حاصل کرنے کیلئے آزمودہ نسخہ ہے، ہمیں غاصب یہودیوں کو شکست دینے اور قبلہ اول کی آزادی کیلئے ہر سطح پر وحدت کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔ دیگر مقررین نے بھی سید حسن نصراللہ شہید سمیت فلسطینی و لبنانی شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان شہیدوں کی شہادت سے اسرائیل کے خلاف مزاحمتی محاذ کو مزید تقویت ملی ہے۔
خبر کا کوڈ: 1164485