امریکی اور برطانوی لڑاکا طیاروں کی یمن پر جارحیت، 15 ٹھکانوں پر شدید بمباری
5 Oct 2024 04:24
مقامی رہائشیوں نے بتایا کہ فضائی حملوں کے نتیجے میں صنعا میں یکے بعد دیگرے چار دھماکے سنے گئے۔ میڈیا نے مزید بتایا کہ سات حملوں میں الحدیدہ ہوائی اڈے اور مغربی یمن میں ساحلی گورنری الکثیب کے علاقے میں بحریہ کے ایک کیمپ کو نشانہ بنایا گیا۔
اسلام ٹائمز۔ امریکی فوج نے یمن میں 15 ٹھکانوں پر شدید بمباری کی۔ میڈیا نیوز کے مطابق صنعا سمیت کئی شہروں پر حملے کئے گئے، امریکی سینٹرل کمانڈ نے وضاحت کی کہ گذشتہ روز یمن میں ایرانی حمایت یافتہ حوثیوں کے زیر کنٹرول علاقوں میں 15 اہداف پر حملے کئے گئے ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق امریکی سینٹ کمانڈ نے مزید کہا کہ ان اہداف میں حوثیوں کی جارحانہ عسکری صلاحیتوں والے اہداف شامل تھے، یہ حملے بحری جہاز رانی کی آزادی کے تحفظ اور بین الاقوامی پانیوں کو امریکی بحری جہازوں، اتحادی افواج اور تجارتی جہازوں کے لئے محفوظ بنانے کے لئے کئے گئے۔
امریکی اور برطانوی لڑاکا طیاروں کے فضائی حملوں نے یمنی دارالحکومت صنعا کو ہلا کر رکھ دیا، اسی طرح کے حملوں کے ساتھ الحدیدہ اور دمار کے ساحلی گورنریوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، مقامی رہائشیوں نے بتایا کہ فضائی حملوں کے نتیجے میں صنعا میں یکے بعد دیگرے چار دھماکے سنے گئے۔ میڈیا نے مزید بتایا کہ سات حملوں میں الحدیدہ ہوائی اڈے اور مغربی یمن میں ساحلی گورنری الکثیب کے علاقے میں یمنی بحریہ کے ایک کیمپ کو نشانہ بنایا گیا۔
خبر کا کوڈ: 1164420