QR CodeQR Code

مفتی منیب الرحمن کی الاقصیٰ ملین مارچ کی مکمل حمایت کا اعلان، عوام سے شرکت کی اپیل

3 Oct 2024 23:26

امیر جماعت اسلامی کراچی نے مفتی منیب الرحمن کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کی بزدلی اور بے حمیتی نے ہی اسرائیل کو اتنی ہمت اور طاقت دی ہے کہ اب وہ اپنی جارحیت اور دہشت گردی کا دائرہ وسیع کررہا ہے اور لبنان میں حملہ کر کے اس نے حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کو بھی شہید کردیا۔


اسلام ٹائمز۔ امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے غزہ میں اسرائیلی دہشت گردی و جارحیت کے ایک سال پورے ہونے اور اہل غزوہ و لبنان سے اظہار یکجہتی کے لیے اتوار 6 اکتوبر کو شام 3 بجے شاہراہ فیصل پر ہونے والے عظیم الشان و تاریخی ”الاقصیٰ ملین مارچ“ کے سلسلے میں مہتمم دارالعلوم نعیمیہ و مفتی اعظم پاکستان مفتی منیب الرحمن سے ان کے مدرسے میں ملاقات کی اور مارچ میں شرکت کی دعوت دی۔ ملاقات میں نائب امیر مسلم پرویز، ناظم اعلیٰ جمعیت اتحاد العلماء کراچی مولانا عبد الوحید، جماعت اسلامی کے ٹاؤن چیئرمین گلبرگ نصرت اللہ، سینئر ڈپٹی سکریٹری اطلاعات صہیب احمد و دیگر بھی موجود تھے۔ مفتی منیب الرحمن نے منعم ظفر خان کا خیر مقدم کیا، مارچ کی پرزور حمایت کا اعلان کیا اور عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل کی اور کہا کہ اسرائیل غزہ کے مسلمانوں پر ظلم کررہا ہے، اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی ہمارا دینی، ملی،قومی اور ایمانی فریضہ ہے۔

امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے مفتی منیب الرحمن کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل امریکا کی پشت پناہی سے درندہ بن چکا ہے اور غرور میں مبتلا ہے، غزہ میں خونی کھیل ایک سال سے جاری ہے، ایسے حالات میں اہل کراچی اہل غزہ کے ساتھ ہیں، ایک سال سے زائد عرصہ گزرچکا ہے اس کے باوجود اہل غزہ جرات و استقامت کے ساتھ اسرائیل کے خلاف ڈٹے ہوئے ہیں، اسرائیل نے حماس کے سربراہ اسماعیل ہانیہ کو بھی شہید کردیا لیکن فلسطینیوں کے حوصلے پست نہیں ہوئے ہیں، امت مسلمہ کے عوام اہل غزہ و فلسطین کے مسلمانوں کی پشت پر کھڑے ہیں، بدقسمتی سے عالم اسلام کے حکمرانوں کو جو کردار ادا کرنا چاہیئے تھا وہ انہوں نے نہیں کیا، حکمرانوں کی بزدلی اور بے حمیتی نے ہی اسرائیل کو اتنی ہمت اور طاقت دی ہے کہ اب وہ اپنی جارحیت اور دہشت گردی کا دائرہ وسیع کررہا ہے اور لبنان میں حملہ کر کے اس نے حزب اللہ کے سربراہ حسن نصر اللہ کو بھی شہید کردیا۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے گزشتہ ایک سال میں تقریباً 45 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید کردیا ہے جن میں 32 ہزار سے زائد بچے اور خواتین شامل ہیں، غزہ کو ملبے کا ڈھیر بنادیا ہے، ہسپتالوں، اسکولوں اور پناہ گزین کیمپوں کو مسمار کردیا گیا ہے لیکن اس سب کے باوجود اسرائیل اہل غزہ و فلسطین کے لوگوں کے حوصلے نہیں توڑ سکا، اہل غزہ نے ثابت کردیا کہ مزاحمت میں ہی زندگی ہے، وہ قبلہ اول اور مسجد اقصیٰ کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کو قربان کرنے کے لیے تیار ہیں لیکن جھکنے کے لیے تیار نہیں ہیں۔ مفتی منیب نے کہا کہ سوئے ہوئے ضمیر کو تو جگایا جا سکتا ہے، مردہ ضمیر کو کیسے جگایا جائے گا؟ ہم ایک فرعونیت، نمرودیت اور منافقت کے دور سے گزر رہے ہیں، اسرائیل غزہ کے مسلمانوں کو شہید کررہا ہے، غزہ کے مظلوم و نہتے مسلمان اپنا دفاع کررہے ہیں کیونکہ اسرائیل ایک جارح اور دہشت گرد ریاست ہے لیکن افسوس کہ اسرائیلی جارحیت اور دہشت گردی کو لگام دینے کے بجائے اس کی سرپرستی کی جارہی ہے اور مسلمانوں کو دہشت گرد قرار دیا جارہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 1164200

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1164200/مفتی-منیب-الرحمن-کی-الاقصی-ملین-مارچ-مکمل-حمایت-کا-اعلان-عوام-سے-شرکت-اپیل

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com