QR CodeQR Code

اسرائیل عالمی برادری کی بے بسی سے ناجائز فائدہ اٹھا رہا ہے، امیرِ قطر

3 Oct 2024 14:31

ACD کے اجلاس سے اپنے ایک خطاب میں شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کا کہنا تھا کہ دنیا کو ابھی تک ایک ایسی جنگ کا شدید خطرہ ہے جسے اسرائیل نے غزہ سے شروع کیا ہوا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ دوحہ میں "ایشیائی تعاون ڈائیلاگ فورم" (ACD) کا اجلاس ہوا۔ جس سے گفتگو کرتے ہوئے قطر کے امیر "شیخ تمیم بن حمد آل ثانی" نے کہا کہ اس وقت کشیدگی میں کمی، تمام ممالک کی خود مختاری اور صورت حال کو کنٹرول کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو کچھ غزہ میں ہو رہا ہے وہ ایک نسل کشی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل، مغربی کنارے میں ناجائز صیہونی کالونیوں کی تعمیر پر عالمی برادری کی بے بسی سے ناجائز فائدہ اٹھا رہا ہے اور لبنان میں اپنے منصوبوں کی تکمیل کے لئے اسے ایک موقع شمار کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم لبنان میں جارحیت روکنے کے لئے فوری اور سنجیدہ اقدام کا مطالبہ کرتے ہیں۔ شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے یقین دہائی کروائی کہ قطر، فلسطینی عوام کے جائز و قانونی حقوق کے حصول کے لئے اپنی حمایت جاری رکھے گا۔
 

امیرِ قطر نے مزید کہا کہ دنیا کو ابھی تک ایک ایسی جنگ کا شدید خطرہ ہے جسے اسرائیل نے غزہ سے شروع کیا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 1967ء کی حدود کے مطابق ایک آزاد و خود مختار فلسطینی ریاست کے منصفانہ قیام تک امن حاصل نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے ایک بار پھر لبنان کے خلاف صیہونی حملوں و زمینی فوجی آپریشن کو مسترد کیا اور اس کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی ہم نے انسانیت کے خلاف صیہونی رژیم کے جرائم کی تحقیقات نہ ہونے پر خبردار کیا تھا۔ واضح رہے کہ قطر کی میزبانی میں گزشتہ روز سے دو دنوں کے لئے ACD کا اجلاس جاری ہے۔ جس میں براعظم ایشیاء کی 35 مملکتوں کے سربراہان شریک ہیں۔


خبر کا کوڈ: 1164103

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1164103/اسرائیل-عالمی-برادری-کی-بے-بسی-سے-ناجائز-فائدہ-اٹھا-رہا-ہے-امیر-قطر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com