QR CodeQR Code

وادی کشمیر میں شہداء مقاومت کی یاد میں عظیم الشان مجلس ترحیم کا انعقاد

3 Oct 2024 10:53

مجلس کے آخر میں میرواعظ کشمیر ڈاکٹر عمر فاروق کا تعزیتی پیغام بھی پیش کیا گیا، جس میں انہوں نے شہداء مقاومت اور خاص طور پر فلسطینی و لبنانی عوام کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔


اسلام ٹائمز۔ امام بارگاہ آیت اللہ آغا سید یوسف بمنہ سرینگر میں شہید مقاومت آغا سید حسن نصراللہ اور دیگر شہداء مقاومت کی رسم چہارم کے موقع پر ایک عظیم الشان مجلس ترحیم کا انعقاد کیا گیا۔ اس مجلس میں شیعہ و سنی علماء، شعراء، ذاکرین اور دور دراز علاقوں سے آئے ہزاروں عزاداروں نے شرکت کرکے فلسطین اور لبنان کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ مجلس میں متعدد معزز مہمانان نے شرکت کی، جن میں انجمن شرعی شیعیان کے جنرل سیکرٹری آغا سید مرتضی الموسوی، آغا سید محسن رضوی، مولانا امجد علی اور دیگر شخصیات شامل تھیں۔ مجلس کا آغاز قاری موسی علی کی تلاوتِ قرآن سے ہوا، جس کے بعد آصف علی نے نوحہ خوانی کی۔ مختلف علماء نے شہداء مقاومت کی زندگی اور قربانیوں پر روشنی ڈالی، جبکہ ذاکر سید روح اللہ مہدی نے ربطِ مصیبت پیش کیا۔ اس کے بعد متعدد شعراء جیسے سید ادریس صفوی اور منتہی بشیر نے مرثیہ خوانی کی۔

مجلس کے آخر میں میرواعظ کشمیر ڈاکٹر عمر فاروق کا تعزیتی پیغام بھی پیش کیا گیا، جس میں انہوں نے شہداء مقاومت اور خاص طور پر فلسطینی و لبنانی عوام کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ڈاکٹر عمر فاروق نے اس موقع پر کشمیری عوام کی فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم مظلوم فلسطینی عوام کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں اور ان کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں اسلامی و ملی اتحاد اور باطل و صیہونی قوتوں کے خلاف ایک آواز بننا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ آخر میں نماز کا وقفہ کیا گیا اور پھر دوسری نشست کا آغاز ہوا، جس میں قاری قاسم علی کی تلاوت کے بعد مختلف ذاکرین اور علماء کرام نے شہداء مقاومت کے مقصد اور فلسفے پر خطاب کیا۔


خبر کا کوڈ: 1164064

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.com/ur/news/1164064/وادی-کشمیر-میں-شہداء-مقاومت-کی-یاد-عظیم-الشان-مجلس-ترحیم-کا-انعقاد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.com